فضل حکیم خان کاسیدو شریف میں واقع معروف دینی تعلیمی ادارے المدرسہ الفرقانیہ کا دورہ،اساتذہ کرام، منتظمین اور طلبہ سے ملاقات کی

اتوار 3 اگست 2025 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے سیدو شریف میں واقع معروف دینی تعلیمی ادارے المدرسہ الفرقانیہ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مدرسے کے اساتذہ کرام، منتظمین اور طلبہ سے ملاقات کی، ادارے میں جاری تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور دینی تعلیم کے فروغ میں ادارے کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

اس موقع پر انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ملاکنڈ ڈویژن کے صدر انجنیئر سیف اللہ خان، روزی خان اور دیگر اہم شخصیات بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھیں۔ مدرسے کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ قرآن و سنت کی روشنی میں حاصل کیا گیا علم دنیا و آخرت کی کامیابی کی کنجی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دینی مدارس کو ''اسلام کے قلعی'' قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے ہر دور میں امت مسلمہ کی راہنمائی، اصلاح معاشرہ اور علم و حکمت کی شمع کو روشن رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علما کرام اور دینی اساتذہ ہمارے روحانی رہنما اور معاشرتی رہبر ہیں ان کی قربانیاں اور خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس ہماری تہذیبی شناخت اور اسلامی ورثے کے محافظ ہیں اور صوبائی حکومت ان اداروں کے تمام جائز مسائل کے حل اور ترقی میں مکمل تعاون فراہم کرے گی، انہوں نے اساتذہ کرام کو یقین دلایا کہ ان کی عزت و وقار ہر حال میں مقدم ہے اور ان کے مطالبات کو سنجیدگی سے حل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت دینی مدارس میں نظم و ضبط، شفافیت اور مؤثر نظام کیلئے چیک اینڈ بیلنس کے اقدامات اٹھا رہی ہے، تاکہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم کو بھی نصاب میں شامل کیا جا سکے، تاکہ طلبہ دین کے ساتھ دنیاوی تقاضوں سے بھی ہم آہنگ ہو سکیں۔