سیالکوٹ میں یومِ شہدائے پولیس کی تقریبات کا آغاز،شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت

اتوار 3 اگست 2025 22:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد کی قیادت میں یومِ شہدائے پولیس 2025 کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ وطن عزیز کے تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے 3 اگست کی شب شہر کے اہم چوراہوں، کچہری چوک، علامہ اقبال چوک، گھنٹہ گھر چوک اور ڈی پی او آفس سمیت مختلف مقامات پر شمعیں روشن کی گئیں۔

مرکزی تقریب یادگارِ شہداء، پولیس لائن سیالکوٹ میں منعقد ہوئی، جس کی قیادت ایس پی انویسٹی گیشن عثمان منیر سیفی نے کی۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ملک خلیل، ڈی ایس پی سٹی سرکل طارق محمود ڈھڈی ، ڈی ایس پی ٹریفک مبشر قادر ، و دیگر پولیس افسران و سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی ،اسی طرح دیگر مقامات پر منعقدہ تقریبات میں ایس ڈی پی اوز نے سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کے ہمراہ شمعیں روشن کیں اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

ان تمام سرگرمیوں کی نگرانی اور قیادت ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کی۔4 اگست یوم شہداء پولیس کے موقع پر دن بھر شہداء پولیس کو بھرپور حراج تحسین پیش کرنے کیلیے تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔ڈی پی او فیصل شہزاد نے اپنے پیغام میں کہاکہ پنجاب میں امن و امان کے قیام کی بنیاد ہمارے شہداء کا مقدس لہو ہے۔ پولیس فورس اپنے ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر وطنِ عزیز کو آئندہ بھی ہماری ضرورت پڑی تو پنجاب پولیس اپنے فرائض کی ادائیگی میں کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔