پاکستان شاہینز نے ساؤتھ ایشین کرکٹ اکیڈمی اینڈ ایم سی سی ینگ کرکٹرز الیون کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 369 رنز بنا لئے

اتوار 3 اگست 2025 23:10

کینٹربری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) پاکستان شاہینز نے ساؤتھ ایشین کرکٹ اکیڈمی اینڈ ایم سی سی ینگ کرکٹرز الیون کے خلاف دوسرے تین روزہ میچ کے پہلے دن زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 369 رنز بنا لیے۔ روحیل نذیر شاندار فارم میں نظر آئے اور 14 چوکوں کی مدد سے 98 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے ساتھ معاذ صداقت 25 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑی نویں وکٹ کے لیے اب تک 72 رنز کی شراکت قائم کر چکے ہیں۔ میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ عمیر بن یوسف نے ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 68 رنز اسکور کیے اور روحیل نذیر کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت قائم کی۔ علی زریاب 44، کپتان سعود شکیل 35، شامل حسین 33، مبصر خان 30 اور محمد سلیمان 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ثنا خان، ہشام خان اور عیسیٰ ندیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔