انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کا15اگست سے آغاز ہوگا، لیورپول دفاعی چیمپئن

پیر 4 اگست 2025 17:05

انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کا15اگست سے آغاز ہوگا، لیورپول دفاعی چیمپئن
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کے 34 ویں سیزن کا آغاز15اگست سے ہوگا ۔یہ مجموعی طور پر ٹاپ فلائٹ انگلش فٹ بال کا 127واں ایڈیشن ہوگاجس کے شیڈول کا اعلان 18 جون 2025 کو کیا گیا تھا۔ لیورپول کی ٹیم ای پی ایل میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی،جس نے گزشتہ سیزن میں اپنا دوسرا ای پی ایل ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور مجموعی طور پر بیسواں انگلش ٹاپ فلائٹ تاج اپنے سر سجایا تھا ۔

انگلش پریمیئر لیگ میں 20 ٹیمیں ٹائٹل کے حصو ل کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔گزشتہ سیزن کی ٹاپ 17ٹیمیں اور چیمپئن شپ کی درجہ بندی میں ترقی پانےوالی تین ٹیمیں لیڈز یونائیٹڈ، برنلے اور سنڈرلینڈ ​​ہیں جو لیگ میں جگہ پکی کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ ان تین ٹیموں نے لیسٹر سٹی، ایپسوِچ ٹاؤن، اور ساؤتھمپٹن کی جگہ لی ہے جبکہ لیسٹر سٹی، ایپسوِچ ٹاؤن، اور ساؤتھمپٹن کی ٹیمیں خراب کارکردگی کی بنیاد پر انگلش پریمیئر لیگ کے آئندہ سیزن میں جگہ حاصل نہیں کرپائی ہیں۔

(جاری ہے)

انگلش پریمیئر لیگ کے آئندہ سیزن میں شامل 20 کلبوں کی ٹیموں میں دفاعی چیمپئن لیورپول،آرسنل،آسٹن ولا،بورن مائوتھ،برینٹ فورڈ،برائٹن اینڈ ہوو البیون،برنلے،چیلسی،کرسٹل پیلس،ایورٹن،فلہم،لیڈز یونائیٹڈ،مانچسٹر سٹی،مانچسٹر یونائیٹڈ،نیوکیسل یونائیٹڈ،ناٹنگھم فارسٹ،سنڈرلینڈ،ٹوٹنہم ہاٹ پور،ویسٹ ہیم یونائیٹڈ اور وولور ہیمپٹن شامل ہیں۔واضح رہے کہ انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کے 34 ویں سیزن کا پہلا میچ15 اگست کو دفاعی چیمپئن لیورپول اور بورن مائوتھ کی ٹیموں کے درمیان این فیلڈ،لیورپول میں کھیلا جائےگا۔