چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی۔20 سیریز میں شاندار کامیابی پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

پیر 4 اگست 2025 16:54

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی۔20 سیریز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ۔20 سیریز میں شاندار کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے میدان میں جس جذبے، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بلے بازوں اور گیند بازوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف غیرمعمولی کارکردگی پیش کی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ٹیم کسی بھی عالمی ٹیم کو شکست دینے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم مستقبل میں بھی اسی جوش اور عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پاکستان کا نام روشن کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹی۔20 ٹیم میں شامل کھلاڑی باصلاحیت اور پرعزم ہیں جنہوں نے قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کی۔ چیئرمین سینیٹ نے ٹیم کے کوچنگ سٹاف اور انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی محنت نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔