فیروزوالا ،بہاولپور میں مبینہ طور پر سسرالیوں کے تشدد سے دو خواتین جاں بحق

پیر 4 اگست 2025 14:34

فیروزوالا/بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)فیروزوالا اور بہاولپور میں مبینہ طور پر سسرالیوں کے تشدد سے دو خواتین جاں بحق ہو گئیں، بہاولپور میں بہو کو مبینہ طور پر شک کی بناء پر قتل کیا گیا ۔فیروزوالہ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ میاں کالونی ڈوگر چوک میں شوہر نے مبینہ تشدد کر کے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

لواحقین کا کہنا تھا کہ شوہر بیوی کو 4 دن قبل صلح کے بہانے سے گھر لے کر گیا تھا، خاتون کی شناخت 22 سالہ انعم سے ہوئی جو 2 بچوں کی ماں ہے۔سسرالیوں نے خاتون کے گھر والوں کو طبی موت کا بتایا۔اہل خانہ کے مطابق جب انعم کا جسم دیکھا گیا تو اس پر تشدد کے نشانات تھے۔خاتون پر تشدد کے نشانات دیکھ کر گھر والوں نے 15 پر کال کی تو پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورلاش کو پوسٹماٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

بہاولپور میں مبینہ طو رپر شک کی بنیاد پر خاوند، سسر اور دیور نے مل کر خاتون کو پھندا لگا کر قتل کردیا۔پولیس کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ ضلع بہاولپور کے قصبے قائم پور کے علاقے تلہڑ میں پیش آیا جہاں خاتون کے شوہر، سسر اور دیور نے خاتون کو شک کی بنیاد پر پھندا لگا کر قتل کردیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان قتل کے بعد خاتون کی تدفین کررہے تھے کہ خبر ملنے پر پولیس موقع پر بروقت پہنچ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو حراست میں لیا۔بعد ازاں ایس ایچ او کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تینوں ملزمان کو باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی گئی ۔