فلسطینیوں کے قاتلوں سے جمہوریت کاسبق نہیں لیں گے،میئرایتھنز

ایتھنز جمہوری ملک کا دارالحکومت ہے اوراپنے سیاحوں کا مکمل احترام کرتا ہے،بیان

پیر 4 اگست 2025 16:41

ایتھنز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)ایتھنز کے میئر حاریس ڈوکاس نے یونان میں اسرائیلی سفیر نوعام کاتز کے ان بیانات کی مذمت کی ہے جن میں انہوں نے میئر پر دارالحکومت کو یہود دشمن گرافٹی سے صاف نہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ گرافٹی مبینہ طور پر یونان آنے والے اسرائیلی سیاحوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہی تھی۔

حاریس ڈوکاس نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ شہر کے ایک میونسپل اتھارٹی کے طور پر ہم نے تشدد اور امتیازی سلوک کے خلاف اپنی سخت مخالفت کا ثبوت دیا ہے اور ہم ان لوگوں سے جمہوریت کے اسباق قبول نہیں کرتے جو شہریوں کو قتل کرتے ہیں۔حزبِ اختلاف کی یونانی سوشلسٹ پارٹی پاسوک کے رکن ڈوکاس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایتھنز جو ایک جمہوری ملک کا دارالحکومت ہے اپنے سیاحوں کا مکمل احترام کرتا ہے اور اپنے شہریوں کے آزادانہ اظہار کے حق کی حمایت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈوکاس کا یہ جواب نوعام کاتز کے اخبار 'کاتھیمیرینی' کو دیے گئے ان بیانات کے بعد آیا جس میں انہوں نے اتوار کو کہا تھا کہ ایتھنز کے میئر اپنے شہر کو منظم اقلیتوں سے بچانے کے لیے کافی کوششیں نہیں کر رہے ہیں۔ ان کا خیال تھا کہ یہ اقلیتیں یہود دشمن گرافٹی کے ذمہ دار ہیں۔ وسطی دائیں بازو کے اس اخبار نے اسرائیلی سفیر کے حوالے سے کہا کہ حاریس ڈوکاس شہر کو صاف نہیں کرتے جس سے اسرائیلی سیاحوں کو پریشانی ہوتی ہے۔

اس پر ایتھنز کے میئر نے جواب دیا کہ یہ بات اشتعال انگیز ہے کہ عزت مآب سفیر صرف گرافٹی پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں جنہیں یقینا مٹا دیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری طرف غزہ میں ایک بے مثال نسل کشی جاری ہے۔ دوسرے یورپی دارالحکومتوں کی طرح ایتھنز میں بھی غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے بائیں بازو کی تحریکوں کی طرف سے فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے ہوئے ہیں۔ یونان کے کچھ جزیروں میں حالیہ دنوں میں کران ایریس' نامی کروز جہاز کی آمد پر بڑے احتجاج ہوئے۔ اس بحری جہاز میں زیادہ تر اسرائیلی سیاح سوار تھے۔