جی سی یونیورسٹی حیدرآباد میں "معرکۂ حق" کے موضوع پر سیمینار

پیر 4 اگست 2025 17:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد میں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں "معرکۂ حق" کے موضوع پر فکری و تعلیمی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں فیکلٹی، طلبہ، افسران، اور دیگر عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد علی آرائیں نے کی، جنہوں نے اپنے کلیدی خطاب میں یومِ آزادی کی اہمیت اور "معرکۂ حق" کے تاریخی و فکری پس منظر پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا، ہماری آزادی صرف ایک تاریخی کامیابی نہیں، بلکہ سچ اور انصاف کو ہر شعبۂ زندگی میں قائم رکھنے کی مسلسل ذمہ داری ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق لاڑک نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی نظریاتی اساس پر زور دیا اور نوجوانوں کو بانیانِ پاکستان کے مشن کو آگے بڑھانے کی تلقین کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا، "معرکۂ حق ہمیں یاد دلاتا ہے کہ سچائی اور عدل ہمارے قومی کردار کا بنیادی جزو ہونا چاہیے۔

" شعبہ اردو کے چیئرمین ڈاکٹر حسن راشد نے اپنے خطاب میں پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز اور تعلیم کے ذریعے ایک باشعور اور مضبوط معاشرہ تشکیل دینے کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔ تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر غلام محمد بھٹو، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، ڈائریکٹرز، شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، طلبہ، اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔ سیمینار سے قبل پاکستان کے شہدا کے لیئے اجتماعی دعا کی گئی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سیمینار کے اختتام پر قومی ترقی، علمی برتری، اور باہمی اتحاد کے عزم کی تجدید کی گئی۔ یہ سیمینار 1 تا 14 اگست تک جاری رہنے والی تقریبات کا حصہ ہے، جنہیں "معرکۂ حق" کے عنوان کے تحت پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔