سرگودھا یونیورسٹی میں یومِ شہدا پولیس کے موقع پر تقریب

پیر 4 اگست 2025 17:12

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) سرگودھا یونیورسٹی میں یومِ شہدا پولیس کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں شہدا کے لواحقین نےبطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔ تقریب میں ریجنل پولیس آفیسرسرگودھا محمد شہزاد آصف خان، کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان، ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف، رکن قومی اسمبلی ذوالفقار بھٹی اور ممبران صوبائی اسمبلی اکرم ساہی و صفدر ساہی ،پولیس افسران، جوانوں، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ بچوں نے شہدا کی یاد میں تقاریر، ملی نغمے اور خصوصی نظمیں پیش کیں جنہوں نے شرکا کے دل جیت لئے۔تقریب میں پولیس افسران و دیگرمہمانوں نے اپنے اپنےخطابات میں شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او سرگودھا نے کہا کہ پولیس اپنے شہدا کی وارث ہے اور ان کی ویلفیئر کے لئے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔

امن کے قیام کے لئے جان کی قربانی دینا ایک عظیم جذبہ ہے۔ زندہ قومیں اپنے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرتیں ۔آر پی اوسرگودھا نے کہاکہ پولیس جوانوں نے ملک میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے اپنا خون پیش کیا۔ شہدا کی قربانیاں ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں۔ اس موقع پرکمشنرسرگودھا نے کہا کہ پولیس اپنا کام پوری ایمان داری سے سرانجام دے رہی ہے۔ہم شہداکے ورثا کے لئے ہمہ وقت دستیاب ہیں۔تقریب کے اختتام پر شہدا کی فیملیز کو تحائف بھی پیش کئے گئے۔