عوامی کمیٹیوں کے عہدیداران گلی محلے کے مسائل حل اورنظام کی اصلاح کیلئے کام کریں گے‘ ضیاء الدین انصاری

پیر 4 اگست 2025 18:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)جماعت اسلامی پی پی 147 کے زیرِ اہتمام ممبرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن سے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء ا لدین انصاری ایڈووکیٹ نے خطاب کیا اور شرکاء کو جماعت اسلامی کے پیغام، اہداف اور عوامی خدمت کے مشن سے آگاہ کیا۔اس موقع پر امیرجماعت اسلامی ضلع شمالی لاہور عثمان افضل،رہنما جماعت اسلامی شمالی سیف الرحمٰن چوہدری اسلم، محمد سلیم شیخ، شعیب ادریس اور حاجی محمد عباس سمیت بڑی تعداد میں مردو خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔

کنونشن میں بڑی تعداد میں شرکاء نے جماعت اسلامی کی عوام میں بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اعتماد کا اظہار ہے۔ اس موقع پر ضلع میں تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط اور عوامی مسائل کے حل کیلئے 10 عوامی کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے ان عوامی کمیٹیوں کے صدور سے باقاعدہ حلف لیا اور انہیں عوامی مسائل کے حل اور منظم سماجی کردار ادا کرنے کی ذمہ داری سونپی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی صرف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک عوامی تحریک ہے جو ہر فرد کی فلاح، انصاف کے قیام اور نظام کی اصلاح کے لیے کوشاں ہے۔عوامی کمیٹیوں کے عہدیداران گلی محلے کے مسائل حل اورنظام کی اصلاح کیلئے کام کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر باشعور فرد اس جدوجہد کا حصہ بنے اور ایک منصفانہ اور خوشحال معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کرے۔