حکومت شہدا کے ورثا کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھاتی رہے گی، صدرزرداری

پیر 4 اگست 2025 20:18

حکومت شہدا کے ورثا کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھاتی رہے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج کے دن ہم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک و قوم کے خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،حکومت شہدا کے ورثا کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھاتی رہے گی۔ پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق یومِ شہدائے پولیس پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی، جرائم اور بدامنی کے خلاف بھرپور جدوجہد کی ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک و قوم کے خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ہزاروں بہادر پولیس جوانوں نے ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اٴْن کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہیں، قوم پولیس کے شہدا کی جرات، وفاداری اور عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہدا کے ورثا کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھاتی رہے گی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پولیس کی صلاحیتوں میں اضافہ اور جدید تربیت و اسلحہ فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پیشہ ور اور جدید سازو سامان سے لیس پولیس ہی دشمنانِ ریاست کا موثر مقابلہ کر سکتی ہے،ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر و حوصلہ عطا کرے۔