بھارتی ایئر چیف کا پاکستان کے 5 ایف 16 اور ایک جے ایف 17 مار گرانے کا مضحکہ خیز دعویٰ

بھارتی ایئرچیف نے پاکستان کے وہ طیارے بھی مار گرانے کا دعویٰ کیا جو بھارت کے خلاف آپریشن میں اُڑے بھی نہیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:25

بھارتی ایئر چیف کا پاکستان کے 5 ایف 16 اور ایک جے ایف 17 مار گرانے کا مضحکہ ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اکتوبر2025ء) بھارتی ایئر چیف کا پاکستان کے 5 ایف 16 اور ایک جے ایف 17 مار گرانے کا مضحکہ خیز دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فضائیہ کے سربراہ امر پریت سنگھ کا ایک نیا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ مئی میں پاک بھارت جھڑپوں کے دوران بھارت نے پانچ پاکستانی جنگی طیارے جن میں ایف-16 اور جے ایف-17 شامل تھے مار گرائے۔

تاہم اس حوالے سے وہ کوئی بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔ خبرایجنسی کے مطابق بھارتی ایئرچیف نے پاکستان کے وہ طیارے بھی مار گرانے کا دعویٰ کیا جو بھارت کے خلاف آپریشن میں اُڑے بھی نہیں۔ دوران پریس بریفنگ بھارت کو نقصان پہنچنے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ایئر چیف کو چپ لگ گئی اور کہا کہ اس سوال کے جواب میں کچھ نہیں بولوں گا، بھارتی طیارے گرے ہیں تو تصاویر دکھائی جائیں۔

(جاری ہے)

یہ دعویٰ انہوں نے بھارتی فضائیہ کے سالانہ پریس کانفرنس میں کیا، جس میں ایئر چیف نے کہا کہ ”ہمارے فضائی دفاعی نظام کے مطابق پانچ ہائی ٹیک طیارے گرائے گئے تھے۔“ لیکن نہ تو شواہد فراہم کیے گئے اور نہ ہی پاکستان کی جانب سے مار گرائے گئے بھارتی طیاروں پر کوئی تبصرہ کیا گیا۔ بھارتی ایئر چیف نے کہا کہ کہ آپریشن ”سندور“ کے دوران بھارت نے چار سے پانچ پاکستانی جنگی طیارے، جن میں امریکی ساختہ ایف-16 اور چینی ساختہ جے ایف-17 شامل تھے، فضا میں مار گرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان میں ایک ”بِگ برڈ“ طیارہ بھی شامل تھا ۔ ایئر چیف کے مطابق بھارتی فوج نے اپنے میزائل حملوں کے ذریعے دشمن کے ریڈار سسٹمز، کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، رن وے، ہینگرز اور دیگر عسکری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ ایک C-130 طیارہ، جو امریکی ساختہ فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ ہے، ممکنہ طور پر حملے میں متاثر ہوا۔