سابق بھارتی وزیر اعظم کے پوتے پرجوال ریوانا کوملازمہ سے زیادتی کے جرم میں عمر قید کی سزا

پیر 4 اگست 2025 21:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) بھارتی ریاست کرناٹک کی ایک عدالت نے سابق رکن پارلیمنٹ پرجوال ریوانا کو گھریلو ملازمہ کے ساتھ زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 34سالہ پرجوال ریوانا سابق بھارتی وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے ہیں اور ان کا تعلق مودی حکومت کی اتحادی جنتا دل(سیکولر)جماعت سے ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرجوال ریوانا کی سوشل میڈیا پر نازیبا ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ان پر 400سے زائد خواتین کی عصمت دری کا الزام لگایاگیاتھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان الزامات کو مسترد کیاتھا، تاہم عدالت نے انہیں مجرم قراردیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں اتنے بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والے کسی شخص کو اس نوعیت کے جرم میں سزا دینا ایک نایاب مثال ہے۔

2024میں ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد ریوانا سفارتی پاسپورٹ پر جرمنی فرار ہوگئے تھے، مگر وطن واپسی پراسے گرفتار کر لیاگیاتھا۔ پرجوال کے دفتر نے اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ ویڈیوز جعلی ہیں۔پرجوال ریوانا کواب بھی دو مزید زیادتی کے کیسز اور ایک جنسی ہراسانی کے مقدمے کا سامنا ہے ، جن میں وہ خود کو بے قصور قرار دیتے ہیں۔