احسن اقبال کا زیڈ ٹی ای ہیڈکوارٹر کا دورہ ،پاکستان میں ٹیکنالوجی و مہارت کے شعبے میں انقلابی شراکت داری کا اعلان

منگل 5 اگست 2025 18:48

احسن اقبال کا زیڈ ٹی ای ہیڈکوارٹر کا دورہ ،پاکستان میں ٹیکنالوجی و ..
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ زیڈ ٹی ای پاکستان میں نوجوانوں کے لیے ایک جامع اور ملک گیر ڈیجیٹل سکلز تربیتی پروگرام کا آغاز کرے گی۔بیجنگ میں واقع عالمی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی زیڈ ٹی ای کے ہیڈکوارٹر اور جدید ترین نمائشی ہال کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران وزیر نے کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات کا مشاہدہ کیا اور زیڈ ٹی ای کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی کیک کاٹا۔اس موقع پر پروفیسر احسن اقبال نے بتایا کہ چین کے سرکاری دورے کے دوران زیڈ ٹی ای کے ساتھ ایک تاریخی شراکت داری قائم کی گئی ہے، جس کا باضابطہ آغاز وزیر اعظم شہباز شریف کے آئندہ ماہ متوقع دورہ چین کے دوران کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر منصوبہ بندی نے کہازیڈ ٹی ای کا پاکستان میں تربیتی پروگرام، ملک کو ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی طرف لے جانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرے گا، جو نہ صرف انفرادی ترقی کا ذریعہ بنیں گی بلکہ قومی معیشت کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گی۔

کمپنی اپنا آٹھواں عالمی ٹریننگ سینٹر پاکستان میں قائم کرے گی۔یہ ٹریننگ سینٹر پاکستان کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی عملی تربیت فراہم کرے گا۔شراکت داری کا مرکز ٹیکنالوجی کی منتقلی، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور پائیدار ترقی ہوگا ، جو سی پیک فیز II کے بنیادی اہداف ہیں۔احسن اقبال نے زیڈ ٹی ای کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ (ا?ر اینڈ ڈی ) سینٹر قائم کرے تاکہ ملک کے باصلاحیت نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے نوجوان دنیا کی کسی بھی قوم سے کم نہیں، اور اگر انہیں جدید ٹیکنالوجی، تعلیم اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ قومی ترقی کا چہرہ بدل سکتے ہیں۔