حکومت اربعین کے لئے ایران اور عراق جانے والے زائرین کی سہولت کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے، وزیردفاع

منگل 5 اگست 2025 19:56

حکومت اربعین کے لئے ایران اور عراق جانے والے زائرین کی سہولت کے لئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی کو یقین دلایا ہے کہ حکومت اربعین کے لئے ایران اور عراق جانے والے زائرین کی سہولت کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے، ایران اور عراق کے ہوائی اڈوں سے زائرین کے مطلوبہ مقامات تک آمدورفت کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زائرین کی حفاظت اور سہولت اولین ترجیح ہے اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پورے سفر میں مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے سنگین سیکورٹی خدشات بالخصوص زائرین کے قافلوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملوں کے خطرے کے پیش نظر کوئٹہ سے 800 کلومیٹر کے راستے پر زمینی سفر پر پابندی لگا دی ہے، ان خطرات کو کم کرنے کے لئے وفاقی حکومت نے بلوچستان حکومت کو کوئٹہ سے براہ راست پروازیں چلانے کا اختیار دیا جس سے زائرین اپنی منزلوں تک ہوائی جہاز کے ذریعے محفوظ سفر کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے ایوان کو بتایا کہ ایسی ایک پرواز پہلے ہی شروع کی جا چکی ہے اور حکومت ضرورت کو پورا کرنے کے لئے مزید روزانہ دو پروازیں یا کم از کم ایک باقاعدہ سروس کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق کے ہوائی اڈوں سے زائرین کے مطلوبہ مقامات تک آمدورفت کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے چار دنوں میں اشتہارات شائع کئے گئے تھے جس میں نجی ہوائی کمپنیوں کو روٹ پر کام کرنے کی دعوت دی گئی تھی اور تمام لائسنس یافتہ نجی ایئر لائنز کو خدمات فراہم کرنے کی اجازت دی گئی تھی، زائرین کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو محفوظ طریقے سے سفر کرنے کے لئے چارٹرڈ پروازوں کی بھی منظوری دی گئی تھی۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد سڑک پر سفر کے حفاظتی خطرات سے بچتے ہوئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے آپریٹرز پر زور دیا کہ وہ دی گئی اجازت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران بھی اس معاملے پر بات ہوئی تھی اور ایران نے پاکستانی زائرین کی نقل و حرکت میں سہولت کے لئے اضافی پرواز کی اجازت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں ایوان اور پاکستان بھر کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ حکومت تمام اربعین زائرین کے لئے محفوظ، آرام دہ اور بروقت آمدورفت کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔