وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے پی ای سی ایکسیلنس ایوارڈ 2023 دینے کا اعلان

بدھ 6 اگست 2025 18:13

بھاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے پی ای سی ایکسیلنس ایوارڈ 2023 دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ انہیں 14 اگست 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایک بڑی تقریب میں دیا جائے گا۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے ہر سال انجینئرنگ کے شعبے میں غیر معمولی خدمات سرانجام دینے والے قابل اور بہترین افراد کو ایک سخت مقابلے اور جانچ پڑتال کے بعد ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جاتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کو یہ ایوارڈ ان کی انجینئرنگ کے شعبے میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا جائے گا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نامور استاد اور محقق ہیں اور انجینئرنگ کے شعبے میں تدریس و تحقیق کے ساتھ انتظامی امور کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے 2007 میں بیجنگ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی چائنہ سے ڈیجیٹل سرکٹ ڈیزائن میں پی ایچ ڈی کیمپوٹر انجینئرنگ کی۔

سال 2022 میں انہیں ایم این ایس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کا وائس چانسلر تعینات کیا گیا۔ انہیں 7 مئی 2025 کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا مستقل وائس چانسلر تعینات کیا گیا۔انہوں نے ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل انجینئرنگ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے بورڈ آف ایپلیکیشن آئی ای ای ای پی میں بطور چیئرمین گورننگ باڈی ، ممبر پاکستان انجینئرنگ کونسل، کیمپس کوآرڈینیٹر اور چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف الیکٹریکل انجینئرنگ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کالا شاہ کاکو کیمپس میں خدمات سرانجام دیں۔

انہوں نےکنوینئر ہائر ایجوکیشن کمیشن نیشنل کریکولم ریویژن کمیٹی اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ناروال میں بطور کیمپس کوآرڈینیٹر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔ وہ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل پاکستان کے وائس چیئرمین بھی ہیں۔ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز انجینئرنگ کے شعبہ سے وابستہ افراد اور تعلیمی حلقوں نے پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کو قومی اور عالمی شہرت کے حامل اس منفرد اعزاز کے حصول پر پر مبارکباد دی ہے۔