ڈائریکٹر سی این ایف کرنل ذاکر علی خان کا پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر کے ہمراہ فاطمہ وارڈ الائیڈ ہسپتالII فیصل آباد کا دورہ

بدھ 6 اگست 2025 18:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) ڈائریکٹر سی این ایف کرنل ذاکر علی خان (تمغہ امتیاز) نے پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر کے ہمراہ فاطمہ وارڈ الائیڈ ہسپتالII (ڈی ایچ کیو) فیصل آباد کا دورہ کیا۔ یہ دورہ انجمن انسداد منشیات کی جانب سے نشے کے مریضوں کی بحالی کے لئے جاری پروگرام کے تحت ترتیب دیا گیا۔کرنل ذاکر اور پروفیسر ڈاکٹر امتیاز ڈوگر نے وارڈ میں زیر علاج نشے کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور طبی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

وفد نے ہر بیڈ پر جا کر مریضوں کی خیریت دریافت کی، ان سے براہِ راست بات چیت کی اور ان کی ذہنی، جسمانی اور طبی کیفیت کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔دورے کے دوران ڈائریکٹر سی این ایف نے فاطمہ وارڈ میں فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا اور خصوصی طور پر پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر اور انجمن انسداد منشیات کی کوششوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے لئے اس قسم کے بحالی مراکز کی خدمات نہایت اہمیت کی حامل ہیں جہاں مریضوں کو مفت ادویات، ماہرین کی رہنمائی اور مکمل دیکھ بھال فراہم کی جاتی ہے۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری انجمن انسداد منشیات آمنہ اکرم، معروف سماجی شخصیت غلام مصطفیٰ نیازی، محمد افضل جالندھری، ڈاکٹر کائنات اور ڈاکٹر طیب بھی موجود تھے۔کرنل ذاکر نے ادارے کی ٹیم کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انجمن انسداد منشیات کی کاوشیں معاشرتی بہتری کی عملی مثال ہیں جنہیں مزید وسعت دینے اور حکومتی سطح پر سرپرستی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔آخر میں کرنل ذاکر نے مریضوں کیلئے امدادی سامان ڈاکٹر امتیاز ڈوگر کے حوالے کیا۔