شہر بھر کی تمام یونین کونسلز میں سویپنگ، فوگنگ اور ڈینگی سرویلنس کے عمل کو باقاعدگی اور تسلسل سے یقینی بنایا جائے ،ڈپٹی کمشنرراولپنڈی

بدھ 6 اگست 2025 21:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے ہدایت کی ہے کہ شہر بھر کی تمام یونین کونسلز میں سویپنگ، فوگنگ اور ڈینگی سرویلنس کے عمل کو باقاعدگی اور تسلسل سے یقینی بنایا جائے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کل سے انسدادِ ڈینگی اقدامات کا روزانہ جائزہ لینے کے لیے ہر رات کو بھی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر منعقدہ انسدادِ ڈینگی اجلاس کی صدارت کے دوران دیں۔ انہوں نے بعض علاقوں میں سویپنگ میں غفلت پر متعلقہ ایریاز کے ڈی ڈی ایچ اوز کو شوکاز نوٹسز بھی جاری کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجینسی ریسپانس کمیٹی کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سجاد احمد نے ضلع بھر میں جاری انسداد ڈینگی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اقدامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور جن علاقوں میں کوتاہی پائی گئی وہاں فوری اصلاحی احکامات جاری کیے۔بعد ازاں انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور ضرورت پڑنے پر ان کے دفاتر کو سیل کیا جائے۔\378

متعلقہ عنوان :