باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں سنگین مالی و ماحولیاتی بے ضابطگیوں پر تحفظات کا اظہار

بدھ 6 اگست 2025 22:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن احسان اللہ میانخیل نے باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں گزشتہ دو برسوں کے دوران سنگین مالی و ماحولیاتی بے ضابطگیوں پرصوبائی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرایا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ جامعہ میں سینکڑوں درخت بغیر کسی قانونی تقاضے کے کاٹے گئے اور ان کی فروخت بھی بغیر کسی نیلامی یا ریکارڈ کے عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ، سرکاری گاڑیوں کے ایندھن، جنرل سپلائی آرڈرز، اور ترقیاتی منصوبوں میں بھی بے پناہ خرد برد اور گھوسٹ پیمنٹس کے شواہد سامنے آئے ہیں۔احسان اللہ میانخیل نے مزید کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف انتظامی و مالی بدعنوانی کے زمرے میں آتے ہیں بلکہ ماحولیاتی قوانین کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں، جو صوبے کے تعلیمی اداروں کی ساکھ اور ماحولیات دونوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر اس معاملے کی شفاف اور غیر جانبدار انکوائری کیلئے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرے اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔