راولپنڈی، موٹر سائیکل پارک کرنے پر ٹریفک وارڈن کی شہری سے بدسلوکی، ویڈیو وائرل

سی ٹی او راولپنڈی نے نوٹس لیتے ہوئے وارڈن کو معطل کرکے انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے

بدھ 6 اگست 2025 22:56

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)راجا بازار میں موٹر سائیکل پارک کرنے کے معاملے پر ٹریفک وارڈن کی شہری سے بدسلوکی کی فوٹیج سامنے آگئی، سی ٹی او راولپنڈی نے نوٹس لیتے ہوئے وارڈن کو معطل کرکے انکوائری کے احکامات جاری کر دیے۔ویڈیو میں وارڈن کو موٹر سائیکل سوار کا گریبان پکڑ کرکے اسکو زدو کوب کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ٹریفک وارڈن کو شہری کو برے طریقے سے گھٹنوں کے بل زمین پر بیٹھنے پر مجبور کرتے بھی دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

وارڈن کے ساتھ کچھ سادہ کپڑوں میں موجود افراد بھی شہری سے بدسلوکی کرتے ہیں جبکہ ایک شہری ویڈیو بناتا ہے تو وارڈن کو اسکی جانب لپک کر ویڈیو بناتے روکتے دیکھا جا سکتا ہے۔دوسری جانب راجا بازار واقعے پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے نوٹس لیا اور ٹریفک وارڈن کو معطل کر کے ہیڈکوارٹرز کلوز کرتے ہوئے سینئر ٹریفک آفیسر کو واقعے کی مکمل انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔سی ٹی او نے کہا ہے کہ کسی بھی شہری سے ناروا سلوک برداشت نہیں، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :