اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس،بین الوزارتی تعاون کو مضبوط بنانے اور شفاف طرز حکمرانی اپنانے پر تبادلہ خیال

بدھ 6 اگست 2025 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حکومتی نظام کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کے مختلف اہم شعبوں کے ساتھ بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں بین الوزارتی تعاون کو مضبوط بنانے، طریقہ کار کو آسان اور ایک ایسا طرز حکمرانی اپنانے پر گفتگو کی گئی جو موثر، شفاف، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اور نتائج پر مبنی ہو۔

(جاری ہے)

بدھ کو نائب وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے ادارہ جاتی کارکردگی، احتساب اور بہتر ربط و عمل درآمد کے ذریعے قابل پیمائش نتائج کی فراہمی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں وزیر اقتصادی امور، پٹرولیم، آئی ٹی، وزیر اعظم کے مشیران برائے وزیر اعظم آفس، صنعت و پیداوار، طرز حکمرانی، نجکاری، معاون خصوصی برائے مالیات طارق باجوہ، اسٹیبلشمنٹ، اقتصادی امور، نجکاری کے وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران نے شرکت کی۔