جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشقیں 18 اگست سے شروع ہوں گی

جمعرات 7 اگست 2025 11:00

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) جنوبی کوریا اور امریکا کی 11 روزہ مشترکہ فوجی مشقیں 18 اگست سے شروع ہوں گی۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے ترجمان لی سونگ جون نے بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ جنوبی کوریا اور امریکا کے درمیان ’’ اولچی فریڈم شیلڈ‘‘ نامی 11 روزہ سالانہ فوجی مشقیں 2024 کی سطح پر ہی ہوں گی لیکن ان میں تبدیلی کرتے ہوئے 40 میں سے 20 فیلڈ ٹریننگ سرگرمیوں کو ستمبر تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے مشق کے کچھ حصوں کو آئندہ ماہ منتقل کرنے کا فیصلہ مختلف عوامل کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا، جن میں انتہائی گرمی کے دوران تربیتی حالات کو یقینی بنانا اور پورے سال ایک متوازن مشترکہ دفاعی تیاری برقرار رکھنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کی مشق میں شمالی کوریا کے بڑھتے ہوئے جوہری خطرات کے خلاف اپ ڈیٹ کردہ اقدامات کو جانچا جائے گا اور جدید جنگوں میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجیز کو بھی آزمایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شیڈول میں تبدیلی کی وجوہات میں موسم کی شدت شامل ہے اور اس میں کوئی سیاسی عنصر شامل نہیں۔

متعلقہ عنوان :