پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کے لئے گولڈن شیک ہینڈ سمیت دیگر آپشنز موجود ہیں، ریاض حسین پیرزادہ

جمعرات 7 اگست 2025 17:26

پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کے لئے گولڈن شیک ہینڈ سمیت دیگر آپشنز موجود ہیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ ریاض حسین پیر زادہ نے کہا ہےکہ پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کے لئے گولڈن شیک ہینڈ سمیت دیگر آپشنز موجود ہیں،عوامی حکومت کسی ملازم کو خالی ہاتھ ملازمت سے نہیں ہٹائے گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو قومی اسمبلی میں شاہدہ اختر علی اور دیگر کے پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عملہ کی کل تعداد 6186 ہے،ان میں ریگولر 2 ہزار سے زائد ہیں،انہیں تنخواہیں دی جا چکی ہیں،2025-26 کےبجٹ میں سی ڈی اے کو دیئے گئے سٹاف کو جون تک تنخواہیں دے دی گئی ہیں۔

ریگولر سٹاف کے حوالے سے قائمہ کمیٹی سے بل منظور ہوچکا ہے،اب گولڈن شیک ہینڈ کی بھی انہیں اجازت ملے گی،یہ کابینہ کا فیصلہ ہے کہ تمام ملازمین کو ایڈجسٹ کیا جائے گا،اس حوالے سے ملازمتوں سے نکالنے کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔نعیمہ کشور کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے ملازمین کے حوالے سے فیصلہ ہوگا،کسی کو خالی ہاتھ گھر نہیں بھیجیں گے،یہ عوامی حکومت کا فیصلہ ہے۔