پی ٹی آئی کی ہر کال مس کال ثابت ہو رہی ہے،ملک ترقی کر رہا ہے،فسادیوں کو دھرنے اور احتجاج کی پڑی ہے۔عظمی بخاری

جمعہ 8 اگست 2025 22:51

پی ٹی آئی کی ہر کال مس کال ثابت ہو رہی ہے،ملک ترقی کر رہا ہے،فسادیوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی ہر کال مس کال ثابت ہو رہی ہے،ملک ترقی کر رہا ہے مگر فسادیوں کو اب بھی دھرنے اور احتجاج کی پڑی ہے،چودہ اگست کو وزیر اعلی حضوری باغ میں پرچم کشائی کریں گی اور معرکہ حق پر ایکسپو سنٹر میں تقریب رونمائی ہوگی،وزیر اعلی مریم نواز دن رات صوبے کی خدمت میں مصروف ہیں،موجودہ حکومت نے پاکستان کو ٹریک پر لا نے کا تحیہ کر رکھا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں الحمرا میں جشن آزادی اور معرکہ حق’’ بنیان المرصوص ‘‘جنگ کی کامیابی پر پینٹنگ نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر یکم سے چودہ اگست تک یوم آزادی پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے،پاکستانی فیملیز جشن آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گی، پاکستان ہمارے بزرگوں کی بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا،زندہ قومیں اپنے آزادی کے دن کو مناتی ہیں لہذا پاکستانی امسال دو خوشیاں منا رہی ہے،ایک جشن آزادی کی جبکہ دوسرا بھارت کی ''بنیان مرصوص'' سے بدترین شکست کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے چار سالہ دور میں عوام کی خدمت کے بجائے انتقام لینے میں گزارے،دوسروں کی پگڑیاں اچھا لیں اورانہیں جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں ڈالا، جب بھی ملک میں کوئی بڑا ایونٹ ہوتا ہے پی ٹی آئی والے احتجاج کی کال دیتے ہیں، عوام نے اب انہیں مسترد کر دیا،ان کی ہر کال اب مس کال ثابت ہو رہی ہے، قوم اب بیدار ہو چکی ہے اور ان کے مکروہ چہرے پہچان چکی ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ وہ رافیل طیارے جنہیں گرایا نہیں جا سکتا تھا انہیں پاکستانی پائلٹوں نے پاک بھارت جنگ کے دوران رافیل سمیت چھ بھارتی طیارےگرائے تو اس پر پوری دنیا میں پاکستانی پائلٹس کے جھنڈے لگ گئے ہیں،ٹرمپ کو ماننا پڑا کشمیر متنازعہ علاقہ ہے،پاکستان جسے عالمی تنہائی کا شکار کردیا گیا تھا آج دنیا کے عالمی لیڈر خود آتے ہیں اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی بہتر حکمت عملی اور کامیاب خارجہ پالیسی کو مانتے ہیں، ہم پر اللہ کا احسان ہے کہ چھ گنا بڑے دشمن کو پاک فوج نے پسپا کیا۔

انہوں نے کہا کہ دو ہزار پچیس میں جن سویلینز اور فوجیوں نے دہشت گردی کی جنگ لڑتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،شہدا کا احترام کرنا اسلامی واخلاقی لحاظ سے ہم پر لازم ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز دن رات پنجاب کے عوام کی خدمت کیلئے مصروف عمل ہیں، الیکٹرونک ٹرام سڑکوں پر نظر آ رہی ہے،دنیا پوچھ رہی یہ کون سا ملک ہے تو یہ لاہور ہے،اگر پی ٹی آئی کے بس میں ہوتا تو ٹرام اپنے دور میں لے آتے،پنجاب حکومت نے''اپنی چھت اپنا گھر'' کیلئے ساٹھ ہزار سے زائد لوگوں کو چوہتر ارب روپے کے بلاسود قرضے دیئے۔

انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کہتے ہیں پانچ اگست کی تحریک کامیاب رہی لیکن لوگوں کے باہر نہ نکلنے پر بانی پی ٹی آئی سے بات کروں گا،لوگوں کوکس منہ سے کہتے گھر سے باہر نکلیں،کیونکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ میرے بچے پاکستان آئیں گے لیکن وہ تحریک نہیں چلائیں گے،پہلے کہتے تھے فالس فلیگ تھا اب تو حکومت نے5 اگست کوکنٹینرز بھی نہیں لگائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام فتنہ فساد کی سیاست سے عاری ہو چکے ہیں،''صاف چلی شفاف چلی'' کے پی میں سڑکیں اور نئے ہسپتال بھی نہیں بنائے،جو منہ بھر کر دوسروں کو چور ڈاکو کہتے ہیں، روز کرپشن کی نئی کہانی وہاں سے نکلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب سے فتنہ جیل میں گیا، پاکستان میں سب ٹھیک ہو رہا ہے، معیشت بہتر ریٹنگ اور بہتر سرمایہ کاری آ رہی ہے تو یہ سچ ہے،وہ اندر سے بیٹھ کر کوشش بہت کرتے ہیں جتنی میٹنگز ہوتی ہیں تو سوچتا ہے لاشیں اور بد امنی کیسے پیدا کرنی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عظمی بخاری نے کہا کہ 5 اگست کو پی ٹی آئی کا کوئی سرکردہ لیڈر احتجاج کیلئے باہر نہیں نکلا،پولیس ان کا انتظار کرتی رہی،صرف چند نوجوان سٹرکوں پر آئے اور بڑے شریفانہ انداز میں پولیس کی گاڑی میں بیٹھ گئے اور گرفتاری دیدی اور رات کو چھوٹ گئے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نام نہاد لیڈران کے بچے ملک میں انقلاب لانے کیلئے باہر کیوں نہیں نکلے،عمر ایوب ، علی امین گنڈا پور اور اسد قیصر کے بچے احتجاج کیلئے سٹرکوں پر کیوں نہیں آئے،باجیاں اڈیالہ جیل کے باہر خوب ڈرامہ کرتی ہیں،اپنے بچوں کو تو باہر نکالیں،قوم کے بچے جیلوں میں چلے گئے لیکن یہ تو بھیرا میں بیٹھ کر دعوتیں اڑاتے رہے یہ نہیں ہو سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی آئین کے مطابق جس رکن اسمبلی پر ایف آئی آر درج ہو اور اس کو عدالت کی جانب سے سزا بھی ہو جائے تو وہ رکن اسمبلی نہیں رہتا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا صوبہ نہیں رہا بلکہ اشتہاریوں کی پناہ گاہ بن چکا ہے،جس مجرم کو عدالت کی جانب سے سزا سنائی جاتی ہے وہ بھاگ کر خیبر پختونخوامیں پناہ لے لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے نو مئی کا واقعہ بھی کریں ،شہدا کی یاد گاریں جلائیں اور حساس ادارے میں بغاوت کا بیج بونے کی سازش کریں،انہیں عدالتوں کی طرف سے سزائیں ہو ں،وہ سرنڈر بھی نہ کریں اورکہیں کہ ہمیں کوئی ہاتھ نہ لگائے یہ نہیں ہو سکتا۔عظمی بخاری نے کہا کہ محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز بستر مرگ پر تھیں تو عدالت نے انہیں بیرون ملک سے واپس آکر سرنڈر کرنے کا کہا،محمد نواز شریف اپنی بیمار بیوی کو چھوڑ کر واپس پاکستان آ ئے،سرنڈر کیا اور جیل چلے گئے،جیل میں پتہ چلا کہ ان کی اہلیہ کا انتقال ہو گیا ہے ،جیل سے تھوڑی دیر کیلئے پیرول پر رہائی کے بعد دوبارہ جیل چلے گئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے نہایت ناگواری کا اظہار کیا ہے،خواتین سے زیادتی کے واقعات پر گھنٹوں میں پولیس اہلکار گرفتار ہوتا ہے جیل جاتا ہے،چند کالی بھیڑیں پولیس میں ایسی حرکتیں کر رہی ہیں، امید ہے وقت کے ساتھ ساتھ زیرو ٹالرنس جلد دیکھنے میں ملے گی۔