رانا تنویرحسین کی ایف ایف سی ایل کے سی ای او جہانگیر پِراچہ سے ملاقات، کھاد کی فراہمی اور قیمتوں پر تبادلہ خیال

جمعہ 8 اگست 2025 23:10

رانا تنویرحسین کی ایف ایف سی ایل کے سی ای او جہانگیر پِراچہ سے ملاقات، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے وزارت میں فو جی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب جہانگیر پِراچہ سے ملاقات کی جس میں کھاد کے شعبے سے متعلق مختلف امور پر بات چیت ہوئی، خاص طور پر کسانوں کو ملک بھر میں کھاد کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور آنے والے فصلوں کے سیزن سے قبل کھاد کی بروقت دستیابی اور مناسب قیمت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔رانا تنویر حسین نے ایف ایف سی ایل پر زور دیا کہ وہ کھاد کو کسانوں کے لیے بآسانی دستیاب بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے، بالخصوص دور دراز علاقوں میں، اور قومی معیار کے مطابق کھاد کے معیار کو برقرار رکھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے خاتمے پر بھی زور دیا تاکہ مارکیٹ میں استحکام قائم رہے اور کسانوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ زرعی شعبہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور کھاد کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ براہِ راست فصلوں کی پیداوار اور غذائی تحفظ کو متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت زرعی شعبے کی ترقی اور کسان دوست اقدامات کے لیے نجی شعبے کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی، سپلائی چین میں بہتری لائے گی اور گھریلو پیداوار کے فروغ کے لیے پالیسی اصلاحات کا جائزہ لے گی۔

جناب جہانگیر پِراچہ نے حکومتی پالیسیوں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کو دہرایا کہ ایف ایف سی ایل کسانوں کی ضروریات بروقت اور مناسب قیمت پر پوری کرے گی۔ملاقات اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ زرعی شعبے کی پائیدار ترقی اور کسانوں کو معیاری بیج و کھاد کی فراہمی کے لیے سرکاری و نجی شعبے کا تعاون مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ پیداوار اور منافع میں اضافہ ہو۔