باجوڑ سے خارجیوں کو نہیں نکال سکتے تو علاقہ خالی کردیں: حکام نے قبائل کے سامنے 3 نکات رکھ دیے

باجوڑ میں قبائل اور خارجیوں کے بارے میں ابہام پیدا کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، مسلح کارروائی کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے،سکیورٹی ذرائع

جمعہ 8 اگست 2025 20:35

باجوڑ سے خارجیوں کو نہیں نکال سکتے تو علاقہ خالی کردیں: حکام نے قبائل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ حکام نے باجوڑ کے قبائل کے سامنے 3 نکات رکھے ہیں جس میں سے ایک نکتہ یہ ہے کہ اگر وہ خوارج کو نہیں نکال سکتے تو علاقہ خالی کر دیں، فورسز یہ کام خود کر لیں گی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق باجوڑ میں قبائل اور خارجیوں کے بارے میں ابہام پیدا کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، خوارج باجوڑ میں رہ کر دہشت گرد اور مجرمانہ کاررائیوں میں ملوث ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت، وزیراعلی اور سکیورٹی حکام نے باجوڑ کے قبائل کے سامنے 3 نکات رکھے۔پہلا نکتہ یہ تھا کہ زیادہ تعداد میں افغانوں پر مشتمل خارجیوں کو باہر نکالیں،دوسرا نکبہ یہ تھا کہ خارجیوں کو نہیں نکال سکتے تو ایک یا 2 دن کے لیے علاقہ خالی کر دیں تاکہ فورسز یہ کام کر لیں،تیسرا نکتہ یہ تھا کہ قبائل اگر دونوں کام نہیں کر سکتے تو حتی الامکان حد تک دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران نقصان سے بچنے کی کوشش کریں۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ہر صورت جاری رہے گی، دین، ریاست اور خیبر پختونخوا کے عوام خوارج کے ساتھ کمپرومائز کی اجازت نہں دیتے، مسلح کارروائی کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل شمالی وزیرستان میں ہونے والے جرگے میں قبائلی مشران نے فتنہ الخوارج کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں کی حمایت کرتے ہوئے خوارج کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔