پنجاب اسمبلی کمیٹی نے نیا لوکل گورنمنٹ بل دوہزار پچیس منظور کر لیا

جمعہ 8 اگست 2025 22:32

پنجاب اسمبلی کمیٹی نے نیا لوکل گورنمنٹ بل دوہزار پچیس منظور کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2025ء) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مقامی حکومت نے لوکل گورنمنٹ بل 2025ء کی منظوری دے دی۔ کمیٹی کے چیئرمین پیر اشرف رسول نے بتایا کہ اب یہ بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔ حکومت پنجاب اس سال دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی خواہاں ہے۔بل کے تحت پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام متعارف کروایا جائے گا اور نئی حلقہ بندیاں کی جائیں گی، جن میں ضلعی انتظامیہ الیکشن کمیشن کی معاونت کرے گی۔

یونین کونسلز میں سے وارڈ سسٹم ختم کر دیا جائے گا اور ایک یونین کونسل سے نو ممبران کا براہِ راست انتخاب ہو گا۔ منتخب اراکین کو ایک ماہ میں کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونا لازمی ہو گا۔

(جاری ہے)

نو منتخب اراکین اپنا چیئرمین، وائس چیئرمین اور ریزرو نشستوں کے اراکین خود منتخب کریں گے۔بل میں کی گئی ترمیم کے مطابق ضلعی کمیٹی کے چیئرمین عوامی نمائندے ہوں گے جبکہ ڈپٹی کمشنر شریک چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔

بڑی مقامی حکومت کا سربراہ آبادی کے تناسب سے چھ ماہ کے لیے ضلعی کمیٹیوں کا چیئرمین ہو گا، اس کے بعد یہ ذمہ داری دوسری بڑی مقامی حکومت کے سربراہ کو منتقل ہو گی۔ مرحلہ وار اس عمل کو تمام اضلاع میں لاگو کیا جائے گا، جبکہ کسی مقامی حکومت کا ہیڈ نہ ہونے کی صورت میں اگلے ضلع کے نمائندے کو ترجیح دی جائے گی۔