کمشنر سرگودھاکی زیرِ صدارت اجلاس ،ماحولیاتی این او سی کے لیے 57 کیسز کمیٹی کوپیش

جمعرات 7 اگست 2025 18:34

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ڈویژنل انوائرمنٹل پروٹیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ماحولیاتی این او سی کے لیے مختلف نوعیت کے 57 کیسز کمیٹی کے روبرو پیش کیے گئے۔ اجلاس میں پولٹری فارمز، پٹرول پمپس، ہسپتال اور اینٹوں کے بھٹہ جات سے متعلق درخواستیں زیر غور آئیں۔

پیش کیے گئے کیسز میں ضلع سرگودھاسے پولٹری کے 26، پٹرول پمپس کے 3، جبکہ ہسپتال اور بھٹہ خشت کا ایک ایک کیس شامل تھا۔ ضلع میانوالی سے پولٹری فارم کے 20 اور پٹرول پمپس کے 3 کیس، بھکر سے ایک پٹرول پمپ جبکہ خوشاب سے پولٹری اور پٹرول پمپ کا ایک کیس اجلاس میں پیش کیا گیا۔اجلاس میں انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے آن لائن پورٹل سے متعلق تفصیلات بھی شرکاء کو فراہم کی گئیں۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب شہری این او سی کے لیے ای پی اے کے پورٹل پر آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے۔ کیسز کی جانچ پڑتال اور فیصلے کا عمل بھی اسی پورٹل پر مکمل ہوگا۔ درخواست دہندگان اپنے کیس کی تازہ ترین صورتحال پورٹل پر ملاحظہ کر سکیں گے، جبکہ انہیں فیصلے سے متعلق معلومات بذریعہ ای میل بھی فراہم کی جائیں گی۔کمشنر جہانزیب اعوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحول دوست پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماحول کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ترقیاتی سرگرمیوں میں ماحولیاتی توازن کا خیال رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد نواز، جامعہ سرگودہا کے ماہر ڈاکٹر محمد اشرف اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل مجاہد عباس سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :