کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی سستی کردی گئی

بجلی کی قیمت 1.89 روپے فی یونٹ کم کرنے کی منظوری، قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکڑک سمیت تمام ڈسکوز کے صارفین پر اور اگست تا اکتوبر 2025 کے لیے ہوگا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعرات 7 اگست 2025 17:39

کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی سستی کردی گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست 2025ء ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی سستی کرنے کی منظوری دے دی۔ تاہم اس کمی کا اطلاق لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر نہیں ہوگا۔ نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت 1.89 روپے فی یونٹ کم کرنے کی منظوری دی ہے، جو بجلی صارفین کے لیے ایک خوشخبری ہے۔

نیپرا نےبجلی کی قیمت میں کمی کافیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قیمت میں کمی اپریل تا جون2025 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں منظور کی گئی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکڑک سمیت تمام ڈسکوز کے صارفین پر اور اگست تا اکتوبر 2025 کے لیے ہوگا۔ نیپرا کے فیصلے کے مطابق بجلی صارفین کو کمی کا 55 ارب87 کروڑ 40لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں جون 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی 78 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جون 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کراچی کے سوا باقی ملک کے لیے 78 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے۔  دوسری طر ف حکام کا کہنا تھا کہ سرکلر ڈیٹ 2300 ارب روپے کم ہو کر 1600 ارب روپے رہ گیا ہے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہونے سے 200 ارب روپے سرکلر ڈیٹ کم ہوا، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ بند ہونے سے 18 ارب روپے کا فرق آیا ہے۔ حکام کے مطابق ٹرانسمشن اینڈ ڈسٹری بیوشن لاسز میں بھی کمی ہوئی ہے، تمام ڈسکوز کی بجلی کی کھپت میں اوسطا 31 فیصد اضافہ ہوا ہے، صرف کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی بجلی کی فروخت کم ہوئی ہے۔