صدر ٹرمپ ایک اور تنازعہ ختم کروانے میں کامیاب، آذربائیجان اور آرمینیا کا بھی امن معاہدہ کرا دیا

35 سال تک انہوں نے لڑائی کی لیکن اب یہ دوست ہیں اور طویل عرصے تک دوست رہیں گے؛ امریکی صدر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 اگست 2025 10:45

صدر ٹرمپ ایک اور تنازعہ ختم کروانے میں کامیاب، آذربائیجان اور آرمینیا ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2025ء ) آذربائیجان اور آرمینیا نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی میں تاریخی امن معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور آرمینیا کے وزیر اعظم نیکول پشینیان نے معاہدے پر دستخط کیے اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مصافحہ بھی کیا جس پر امریکی صدر نے اس موقع کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 35 سال تک انہوں نے لڑائی کی لیکن اب یہ دوست ہیں اور طویل عرصے تک دوست رہیں گے۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے بارے میں بہت عرصے سے انتظار میں تھا جو دونوں ممالک کے درمیان کچھ اہم ٹرانسپورٹ راستوں کو دوبارہ کھولے گا اور خطے میں امریکی اثر و رسوخ کو بڑھائے گا، آرمینیا اور آذربائیجان نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ہمیشہ کے لیے تمام لڑائی بند کر دیں گے، سفر، کاروبار اور سفارتی تعلقات کھولیں گے، ہم نے دونوں ممالک کے ساتھ توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تجارتی توسیع کے لیے دو طرفہ معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے آذربائیجان کے صدر اور آرمینیا کے وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کی تعریف کی، الہام علیوف نے کہا کہ ’صدر ٹرمپ نے 6 ماہ میں کرشمہ کر دکھایا، آج ہم قفقاز میں امن قائم کر رہے ہیں، ہم نے جنگوں، قبضوں اور خونریزی میں مصروف رہتے ہوئے بہت سے سال ضائع کیے‘، اسی طرح نیکول پشینیان نے بھی اس معاہدے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

اس حوالے سے ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا کہ اس معاہدے کے تحت امریکہ ایک بڑا ٹرانزٹ کوریڈور بنانے میں بھی مدد کرے گا، جس کا نام ’ٹرمپ روٹ فار انٹرنیشنل پیس اینڈ پراسپرٹی‘ رکھا جائے گا، یہ راستہ آذربائیجان کو اس کے خودمختار نخچیوان انکلیو سے جوڑے گا جو آرمینیائی علاقے سے الگ ہے۔