’یہ سنگِ میل ترقی، امن، استحکام اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے‘

وزیراعظم شہباز شریف کا آرمینیا آذربائیجان امن معاہدے پر امریکی صدر ٹرمپ کو خراج تحسین

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 اگست 2025 10:58

’یہ سنگِ میل ترقی، امن، استحکام اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان امن معاہدہ کراوانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان وائٹ ہاؤس سمٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی سرپرستی میں تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ آذربائیجان اور جمہوریہ آرمینیا کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی سرپرستی میں وائٹ ہاؤس میں ہونے والے تاریخی امن معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے، امریکہ نے صدر ٹرمپ کی قیادت میں دونوں فریقین کو ساتھ بٹھایا اور ایسا معاہدہ ممکن بنایا جو تجارت، رابطوں اور علاقائی انضمام کے نئے راستے کھولتا ہے، ہماری امید ہے مکالمے کی یہ روح ان دیگر خطوں کے لیے بھی مثال بنے گی جو طویل تنازعات کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ سنگِ میل ترقی جنوبی قفقاز میں امن، استحکام اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، ایک ایسا خطہ جو دہائیوں تک تنازعات اور انسانی المیوں کا شکار رہا ہے، اس تاریخی معاہدے پر ہم صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو اس تاریخی معاہدے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں جو ان کے خطے کے پُرامن مستقبل کے لیے دانشمندی، دور اندیشی اور بصیرت کا مظہر ہے، پاکستان ہمیشہ برادر ملک آذربائیجان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہم ان کی تاریخ کے اس فخر کے لمحے میں بھی ان کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم امریکہ کے کردار کو بھی سراہتے ہیں، پاکستان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں دونوں فریقوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور ایک معاہدے کو حاصل کرنے میں امریکہ کے بطور سہولت کار کردار کی بھی تعریف کرتا ہے، جو تجارت، رابطے اور علاقائی انضمام کے لیے نئی راہیں کھولتا ہے، ہمیں امید ہے کہ بات چیت کا یہ جذبہ طویل تنازعات کا سامنا کرنے والے دوسرے خطوں کے لیے ایک مثال کا کام کرے گا۔