یوکرین جنگ سے متعلق بات چیت؛ ٹرمپ کا 15 اگست کو روسی صدر سے ملاقات کا اعلان

صدر پیوٹن کے ترجمان نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے اس کے لیے الاسکا کا انتخاب کرنے کی وجہ بھی بیان کردی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 اگست 2025 11:25

یوکرین جنگ سے متعلق بات چیت؛ ٹرمپ کا 15 اگست کو روسی صدر سے ملاقات کا ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین جنگ سے متعلق بات چیت کیلئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن 15 اگست کو امریکی ریاست الاسکا میں ملاقات کریں گے جہاں وہ یوکرین جنگ کے مستقبل پر بات چیت کریں گے، اس ملاقات کا اعلان صدر ٹرمپ نے کیا جس کی بعد روسی صدر کے ترجمان نے بھی اس ملاقات کی تصدیق کی، روسی ترجمان کا کہنا ہے کہ الاسکا کا انتخاب منطقی ہے کیوں کہ یہ جغرافیائی طور پر روس کے قریب ہے، ٹرمپ کو روس میں دوسرے اجلاس کے لیے بھی مدعو کیا گیا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین روس سرحدی علاقے ساڑھے تین سال سے جنگ کا مرکز ہیں جس میں ہزاروں روسی اور یوکرینی مارے جا چکے ہیں، ممکن ہے امن کے لیے کچھ علاقے واپس لیے جائیں اور کچھ کا تبادلہ ہو تاکہ دونوں ممالک کو فائدہ ہو، امریکہ کے پاس ان ممالک کے درمیان امن معاہدہ کرانے کا موقع موجود ہے کیوں کہ یورپی رہنما امن چاہتے ہیں، پیوٹن امن چاہتے ہیں اور زیلنسکی بھی امن کے خواہاں ہیں اس لیے اب سب کو تیاری کرنی ہوگی کہ وہ کسی نہ کسی معاہدے پر دستخط کریں۔

(جاری ہے)

امریکی خبر رساں ادارے سی بی ایس نے رپورٹ کیا کہ ٹرمپ یورپی رہنماؤں کو اس بات پر راضی کرنا چاہتے ہیں کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے ایک ایسا معاہدہ ہو جس کے تحت روس مشرقی یوکرین کے ڈونباس خطے اور کرائمیا پر مکمل قبضہ رکھ لیکن خیرسون اور زاپوریزیا کے وہ حصے چھوڑ دے جن پر اس کا جزوی قبضہ ہے جب کہ روسی صدر پیوٹن نے بھی حال ہی میں ماسکو میں ٹرمپ کے ایلچی اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کے دوران اسی نوعیت کی تجویز دی تھی، تاہم یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی ایسے کسی بھی معاہدے کو مسترد کرچکے ہیں۔