گرمی کی موجودہ صورتحال میں بچوں کو سکول بلانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، وزیرتعلیم پنجاب کا مؤقف

رانا سکندر حیات خان نے صوبے بھر میں سکولوں کی موسمِ گرما کی تعطیلات میں توسیع کی وضاحت پیش کردی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 اگست 2025 10:19

گرمی کی موجودہ صورتحال میں بچوں کو سکول بلانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2025ء ) وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی موجودہ صورتحال میں بچوں کو سکول بلانا خطرناک ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات خان نے صوبے بھر میں سکولوں کی موسمِ گرما کی تعطیلات میں توسیع کی وضاحت پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ گرمی کی شدید لہر کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر تھا، یہ بات درست ہے کہ اس توسیع سے طلباء کے تعلیمی سلسلے میں تعطل پیدا ہوگا، تاہم بچوں کی صحت اور سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بڑھتی ہوئی درجہ حرارت کی صورتِ حال میں بچوں کو اسکول بلانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ وزیرتعلیم پنجاب نے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کیا ہے جس کے بعد سرکاری و نجی سکول 14 اگست کی بجائے اب یکم ستمبر سے کھلیں گے، اس حوالے سے صوبائی وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کا اعلان کیا اور کہا کہ صوبہ بھر میں نجی و سرکاری سکول یکم ستمبر کو کھلیں گے۔

(جاری ہے)

جب کہ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے گرمیوں کی چھٹیوں میں 31 اگست تک توسیع کو بلاجواز قرار دے دیا، ایسوسی ایشن نے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں نجی تعلیمی ادارے4 اگست سے کھل چکے ہیں، ملک کے دیگرصوبوں میں بھی تعطیلات کے بعد سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے، بچوں کوتین ماہ تعلیم سے دور رکھنا ان کے مفاد میں نہیں ہے، چھٹیوں میں توسیع سے میٹرک کی کلاسز بری طرح متاثر ہوں گی، جس کے پیش نظر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندرحیات سے تعطیلات میں توسیع کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔