لاہورومنڈی بہائوالدین چیمبر کاروباری برادری و معاشی بہتری کیلئے مل کر کام کریں گے،شاہد نذیر

جمعرات 7 اگست 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور منڈی بہائوالدین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کاروباری برادری کے مسائل کے حل، صنعت و تجارت کے فروغ اور پالیسی سازی میں مشترکہ کاوشوں کے لیے قریبی روابط و تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری اور منڈی بہائوالدین چیمبر کے سینئر نائب صدر (ر) کیپٹن تیمور احمد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا جس میں لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر بھی موجود تھے۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں چیمبرز کے عہدیداران نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی چیلنجز کا حل باہمی مشاورت، پالیسی اصلاحات اور کاروباری برادری کے فعال کردار سے ہی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لاہور چیمبر کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے کہا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ سے چھوٹے شہروں اور زونل چیمبرز کے ساتھ تعاون پر یقین رکھتا ہے،منڈی بہائو الدین چیمبر کے ساتھ اشتراک کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے تجربات و تجارتی وفود کے تبادلے، مشترکہ سیمینارز، ورکشاپس اور پالیسی تجاویز پر مل کر کام کریں گے۔منڈی بہائوالدین چیمبر کے سینئر نائب صدر (ر) کیپٹن تیمور احمد نے کہا کہ لاہور چیمبر کی ملکی معیشت میں خدمات قابل تحسین اور چھوٹے شہروں کے چیمبرز کے ساتھ ان کا تعاون خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ساتھ روابط سے منڈی بہائو الدین کی کاروباری برادری کو بھرپور فائدہ اور مشترکہ اقدامات سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو نئی جہت ملے گی۔

شرکائے ملاقات نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے ایک مربوط ومنظم لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا اور دونوں چیمبرز ایک دوسرے کے پلیٹ فارم کو بروئے کار لا کر ملکی معیشت کی بہتری میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔