کلمہ چوک، کنٹینر اورمسلم لیگ (ن) کا دفتر جلانے کے مقدمات کی سماعت 13 اگست تک ملتوی

جمعرات 7 اگست 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی واقعات کے سلسلے میں کلمہ چوک، کنٹینر اور مسلم لیگ (ن) کا دفتر جلانے کے چار مقدمات کی سماعت 13 اگست تک ملتوی کر دی، کوٹ لکھپت جیل میں ہونے والی سماعت میں برضمانت اور زیر حراست تمام ملزمان کی حاضری مکمل کی گئی۔ عدالت کے مطابق زیر التوا چار مقدمات میں گواہوں کے بیانات پر جرح ہونی تھی، تاہم ملزمان کے وکلاء انسداد دہشتگردی کی دوسری عدالت میں مصروف ہونے کے باعث کارروائی ممکن نہ ہو سکی۔

(جاری ہے)

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مقدمات کی سماعت کی، عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر وکلا ء گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کریں، ان چار مقدمات میں دو کا تعلق مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے سے جبکہ دیگر دو مقدمات نیشنل پارک گلبرگ اور کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے سے متعلق ہیں۔سماعت کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر زیر حراست رہنمائوں کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی،ان پر بغاوت اور عوام کو فساد پر اکسانے کے الزامات عائد ہیں۔