خصوصی عدالت، جناح ہائوس حملہ کیس کی سماعت 18 اگست تک ملتوی،گواہان شہادت قلمبند کرانے کیلئے طلب

جمعرات 7 اگست 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو جناح ہائوس حملہ کیس کی جیل ٹرائل کی سماعت 18 اگست تک ملتوی کر دی ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو شہادت قلمبند کرانے کے لیے طلب کر لیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی، جہاں 200 سے زائد برضمانت ملزمان کی حاضری مکمل کی گئی۔

عدالت نے بتایا کہ دیگر 9 مئی مقدمات کے ٹرائل کے باعث کارروائی موخر کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس مقدمے میں عدالت 254 ملزمان پر فرد جرم عائد کر چکی ہے جن میں عالیہ حمزہ، صنم جاوید، طیبہ راجہ، خدیجہ شاہ سمیت دیگر شامل ہیں۔ ان میں سے کئی ملزمان ضمانت پر جبکہ 10 ملزمان ضمانت کے بعد مفرور ہو چکے ہیں۔زیر حراست رہنمائوں میں شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کی حاضری بھی مکمل کی گئی۔ سپریم کورٹ پہلے ہی 9 مئی مقدمات کا جلد ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت دے چکی ہے۔عدالت میں ملزمان کی نمائندگی رانا مدثر عمر، یوسف وائیں اور میاں علی عمار ایڈووکیٹ نے کی، ملزمان پر کارکنان کو بغاوت اور فسادات پر اکسانے کا الزام عائد ہے۔