x4,000 ٹن ایم او پی کھاد سے بھرا جہاز گوادر پورٹ پر پہنچ گیا

لله*ایگون کھاد فیکٹری میں پروسس کے بعد ایم او پی کوملکی اور بین الاقوامی منڈیوں میں برآمد کیا جائے گا

جمعرات 7 اگست 2025 23:40

lگوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2025ء)4,000 ٹن موریئٹ آف پوٹاش (MOP) کھاد سے بھرا ایک تجارتی جہاز گوادر پورٹ پر پہنچ گیا۔ یہ جہاز تھِی ٹرونگ این واٹر ٹرانسپورٹ کمپنی لمیٹڈ کی ملکیت ہے اور اس نے گوادر نارتھ فری زون میں 2023 سے کام کرنے والی ایگون کھاد فیکٹری کے لیے خام ایم او پی مواد فراہم کیا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق ایگون کی فیکٹری میں اس خام مال کو پروسیس کر کے پیک اور برانڈ کیا جائے گا، جس کے بعد یہ 4,000 ٹن ایم او پی نہ صرف ملکی مارکیٹ میں بلکہ بین الاقوامی منڈیوں میں بھی برآمد کیا جائے گا۔

ایگون کے ڈائریکٹر آپریشنز شرجیل نے گوادر پرو کو بتایا کہ اپنی برآمدی لائسنس کے تحت، یہ پہلا موقع ہے جب نارتھ فری زون کی فیکٹری خام ایم او پی کو پروسیس کرے گی۔

(جاری ہے)

یہ ایک اعلیٰ معیار کی کھاد ہے جو فصلوں کو بیماریوں اور کیڑوں سے بچانے میں مدد دیتی ہے۔ پروسیسنگ کے بعد تیار شدہ مصنوعات کو پیک کر کے پاکستان کے سرکاری و نجی خریداروں اور بیرون ملک بھی بھیجا جائے گا۔

گوادر پورٹ اتھارٹی (GPA) کے ایک اہلکار کے مطابق، ایگون اس وقت دو کھاد سے متعلقہ آپریشنز چلا رہی ہے۔ ایک تو پہلے سے جاری ہے جس میں پیک شدہ کھاد کی درآمد کی جاتی ہے، جسے دوبارہ پیک کر کے افغانستان اور دیگر بیرونی منڈیوں کو بھیجا جاتا ہے۔ دوسرا آپریشن اب شروع ہو رہا ہے، جس میں خام ایم او پی کا مقامی طور پر ہینڈلنگ اور پروسیسنگ شامل ہے۔

سن 2025 میں ایگون کو دو بار پیک شدہ کھاد کی دو کھیپ موصول ہو چکی ہے۔ جون میں 20,000 میٹرک ٹن ڈائی-ایمونیم فاسفیٹ ( ڈی اے پی ) کا جہاز آیا، جبکہ سال کے شروع میں، 4 فروری کو MV Beyond نے 35,000 میٹرک ٹن ڈی اے پی فراہم کی۔ گوادر پرو کے مطابق ایگون کی ترقی پر بات کرتے ہوئے شرجیل نے کہاہم گوادر کے نارتھ فری زون میں صنعتی ترقی کے پیش پیش ہیں۔ ایگون پاکستان کی پہلی جدید سہولیات والی فیکٹری ہے جو اعلیٰ معیار کی سلفیٹ آف پوٹاش (ایس او پی)کھاد کی پیداواری صلاحیت رکھتی ہے، جو دانوں اور پاؤڈر کی شکل میں تیار کی جاتی ہے، اور اس کی سالانہ پیداواری گنجائش 20,000 میٹرک ٹن ہے۔

گوادر پرو کے مطابق ایگون ملک بھر میں اپنی لاجسٹکس نیٹ ورک بھی چلاتی ہے، جو درآمدات کی مؤثر ہینڈلنگ اور ملک گیر تقسیم کو ممکن بناتی ہے۔ کمپنی بڑے پیمانے پر تجارتی مال کی درآمد اور متعدد بین الاقوامی سپلائرز سے مصنوعات کی فراہمی کا انتظام کر سکتی ہے۔