پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025ء منظور، نیا بلدیاتی نظام متعارف کروانے کا فیصلہ

بل کے تحت نئی حلقہ بندیاں ہوں گی، یونین کونسل میں سے وارڈ سسٹم ختم ، ایک یونین کونسل سے 9 ممبرمنتخب ہوں گے منتخب ہونے والے ممبرز کو ایک ماہ میں سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہوگا، 9 منتخب ممبرزاپنا چیئرمین اوروائس چیئرمین خود چنیں گے اب بل اسمبلی سے منظورہوگا، حکومت پنجاب اس سال دسمبرمیں بلدیاتی انتخابات کروانے کی خواہاں ہے‘ چیئرمین کمیٹی پیراشرف رسول

جمعہ 8 اگست 2025 15:01

پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025ء منظور، نیا بلدیاتی نظام متعارف کروانے کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء) پنجاب اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے مقامی حکومت نے لوکل گورنمنٹ بل 2025 منظور کر لیا، بل کے تحت پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام متعارف کروایا جائے گا۔چیئرمین کمیٹی پیر اشرف رسول نے کہا کہ اب بل اسمبلی سے منظور ہو گا، حکومت پنجاب اس سال دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ بل کے تحت پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام متعارف کروایا جائے گا، بل کے تحت نئی حلقہ بندیاں ہوں گی، حلقہ بندیوں میں ڈسٹرکٹ انتظامیہ الیکشن کمیشن کو مدد فراہم کرے گی۔

چیئرمین کمیٹی کے مطابق یونین کونسل میں سے وارڈ سسٹم ختم ہو جائے گا، ایک یونین کونسل سے 9ممبر منتخب ہوں گے، منتخب ہونے والے ممبرز کو ایک ماہ میں سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہو گا، 9منتخب ممبرز اپنا چیئرمین اور وائس چیئرمین خود چنیں گے، 9منتخب ممبرز ریزرو سیٹوں کے ممبرز کا بھی انتخاب کریں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ کی تجویز پر ڈی سی کو ضلعی کمیٹیوں کا چیئرمین بنانے کی متنازع شق میں تبدیلی کر دی گئی ہے، اب ضلعی کمیٹیوں کے چیئرمین عوامی نمائندے ہوں گے، ڈی سی بھی شریک چیئرمین ہوں گے۔

اس سے پہلے حکومت پنجاب نے لوکل گورنمنٹ بل 2025ء میں ضلعی کمیٹیوں کا چیئرمین ڈی سی کو تعینات کرنے کی تجویز دی تھی، ترمیم پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ کی متفقہ تجویز پر کی گئی۔بل کے مطابق آبادی کے حساب سے سب سے بڑی مقامی حکومت کا ہیڈ 6ماہ کے لئے ضلعی کمیٹیوں کا چیئرمین ہو گا، 6ماہ بعد آبادی کے حساب سے دوسری بڑی مقامی حکومت کا ہیڈ ضلعی کمیٹیوں کا چیئرمین ہو گا، مرحلہ وار 6ماہ کے لئے ہر مقامی حکومت کا ہیڈ ضلعی کمیٹیوں کا چیئرمین ہو گا، کسی مقامی حکومت کا ہیڈ نہ ہونے کی صورت میں اگلے ضلع کو مدنظر رکھا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ میں مجوزہ بل پر ہر ہفتے شق وار بریفنگ جاری ہے، بل منظوری کے لئے اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جائے گا، بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔