محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی پیداوارسے متعلق اعداد وشمارجاری کردیئے

جمعہ 8 اگست 2025 18:55

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) محکمہ زراعت پنجاب نے 31 جولائی تک کپاس کی پیداوار سے متعلق اعداد وشمار جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ اعداد وشمار کراپ رپورٹنگ سروس نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اور سائنسی بنیادو ں پر آزمودہ طریقہ کار کے تحت حاصل کئے ہیں۔ان میں تمام مروجہ طریقہ کار میں رینڈم سیمپلنگ،زمینی تصدیق اور گلوبل پوزیشنگ سسٹم سے منسلک جدید ٹیکنالوجی شامل ہے۔

یہ طریقہ کار اقوامِ متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت سے بھی منظور شدہ ہیں۔اس تمام عمل کو شفاف بنانے اور پالیسی سازی کیلئے ٹھوس شواہد فراہم کرنے کیلئے ایک رئیل ٹائم ڈیش بورڈ بھی استعمال کیا جاتا ہے جو اس ڈیٹا کو مزید مستند بناتا ہے۔کراپ رپورٹنگ سروس کے مطابق 31جولائی2025 تک پنجاب میں کپاس کی پیداوار کا تخمینہ 6 لاکھ9 ہزار گانٹھ لگایا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے برعکس اسی دورانیہ میں پاکستان جنرز کاٹن ایسوسی ایشن(PCGA) کے اعداد و شمار 3 لاکھ1 ہزار گانٹھوں کی پیداوار سے متعلق جاری ہوئے جو صرف کپاس کی اُن گانٹھوں پر مشتمل ہیں جو صوبہ کے فعال جننگ فیکٹریوں تک پہنچی ہیں۔ان اعداد و شمار میں کپاس کی اُن گانٹھوں کو شامل نہیں کیا گیا جو چنائی کے بعد کھیتوں میں موجود ہیں یا جنہیں دوسرے صوبوں کو منتقل کیا گیا ہے یا جن گانٹھوں کو ذخیرہ کیا گیا ہے۔

مزید برآں، حالیہ برسوں میں کم انوائسنگ کی شکایات نے بھی جننگ فیکٹریوں کے جاری کردہ اعداد و شمار کی شفافیت کو متاثر کیا ہے۔ رواں سال کپاس کی کاشت میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے جس میں صوبہ میں7لاکھ81 ہزارایکڑپرکپاس کی اگیتی کاشت اورمجموعی طور پرکپاس کی 31 لاکھ60 ہزار ایکڑ رقبہ پر کاشت شامل ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب نے امسال فصل کی بہتر نگہداشت کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں جن میں فیلڈ فارمیشنزسروسزمیں بہتری، زرعی یونیورسٹیوں،انٹرنیزاورنجی شعبے کی شمولیت شامل ہے۔

اس کے علا وہ کپاس کے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے’’سہولت سینٹرز‘‘ کا قیام عمل میں لایا گیا جہاں معیاری بیج، کھاد،زرعی ادویات کی بروقت اور ارزاں نرخوں پر کاشتکاروں کو دستیابی ہوئی۔موسمی حالات، بارشوں اور بعض علاقوں میں ضرررساں کیڑوں کے حملے کے باوجود تا حال کپاس کی حالت تسلی بخش ہے۔