ضلع جنوبی میں کراٹے چیمپئن شپ میں شاہ لطیف کلب نے پہلی پوزیشن، اور کورنگی میں بوائز اسنوکر چیمپئن شپ میں عارف حسین فاتح قرار پائے

جمعہ 8 اگست 2025 20:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء) حکومتِ سندھ کے محکمہ کھیل کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کے سلسلے میں "معرکہ حق" کے عنوان سے کراچی میں مختلف کھیلوں کی تقریبات جوش و خروش سے جاری ہیں۔کراچی کے ضلع جنوبی میں منعقدہ کراٹے چیمپئن شپ میں شاہ لطیف کراٹے کلب نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 7 گولڈ، 5 سلور اور 9 برونز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

ٹورس ایم ایم اے اینڈ فٹنس نے 5 گولڈ، 5 سلور اور 2 برونز میڈلز کے ساتھ دوسری اور شوٹوکان کراٹے کلب نے 4 گولڈ، 4 سلور اور 7 برونز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ترجمان محکمہ کھیل کے مطابق یہ مقابلے ضلع جنوبی کراچی کے اسپورٹس افسر فرید علی کی نگرانی میں منعقد ہوئے، جن میں 11 کلبز کے 100 سے زائد لڑکے اور لڑکیوں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرید علی نے تقسیم کیے۔

ضلع کورنگی میں محکمہ کھیل کے زیراہتمام ہونے والی اسنوکر چیمپئن شپ میں عارف حسین نے بوائز کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ کورنگی میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں بوائز ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں صائم نے بازی مار لی، جبکہ گرلز ٹیبل ٹینس میں آبرش پہلی پوزیشن اور جماعبہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسنوکر اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر کورنگی شکیل احمد کی زیر نگرانی منعقد ہوئے، جن میں 70 سے زائد لڑکے اور لڑکیوں نے بھرپور شرکت کی، پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے تقسیم کیے۔