سیالکوٹ ٹینری زون ایک ماحول دوست صنعتی منصوبہ ہے ،پارلیمانی سیکرٹری ماحولیات کنول لیاقت

جمعہ 8 اگست 2025 20:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) پارلیمانی سیکرٹری ماحولیات و جنگلات پنجاب کنول لیاقت نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ٹینری زون ایک ماحول دوست صنعتی منصوبہ ہے جو چمڑے کی صنعت سے پیدا ہونے والے فضلے اور آلودہ پانی کو جدید سائنسی طریقوں سے صاف کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے، اس منصوبے کے تحت کیمیکل ریکوری پلانٹ کے ذریعے پانی کو مضر صحت اجزاءسے پاک کیا جائے گا، جس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ عوامی صحت بھی محفوظ رہے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ ٹینری زون ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی سمیت صنعت کاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹینریوں کی زون میں منتقلی کا عمل تیزی سے جاری ہے،اب تک 137 غیر منتقل شدہ ٹینریاں سیل کی جا چکی ہیں، 15 ٹینریاں ٹینری زون میں فعال ہیں جبکہ آئندہ 15 روز میں مزید 33 ٹینریاں فنکشنل ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایفولینٹ پلانٹ بھی جلد کام کا آغاز کرے گا، جس سے چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ادارہ تحفظ ماحولیات عمران حامد شیخ نے کہا کہ ٹینری زون کی بروقت تکمیل حکومت اور صنعت کاروں دونوں کے مفاد میں ہے اور اس میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں نائب صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ عمر خالد، حسن بھٹی، امین احسن، ذوالفقار حیات، جوہر عباس اور محمد عاطف سمیت دیگر ممبران شریک ہوئے۔ مقررین نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف صنعت کی ترقی بلکہ ماحول کی بہتری، عوامی صحت کے تحفظ اور عالمی معیار کی پیداوار میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :