اے این ایف کی کارروائیاں، کروڑوں مالیت کی 223 کلو منشیات برآمد

گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج ،تحقیقات شروع

جمعہ 8 اگست 2025 21:35

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)اے این ایف نے ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران ساڑھے 6کروڑ 56لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 223کلوگرام منشیات برآمد کرلی ۔ ترجمان کے مطابق سہراب گوٹھ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور اس دوران گاڑی سے 126کلو آئس اور 18کلو ہیروئن برآمدکرکے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ گلستان جوہر میں ایک گھر سے 72کلو چرس برآمد کیا گیا اور اس کارروائی کے دوران ایک ملزم کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی کے علاقے چوہڑ چوک کے قریب گاڑی سے 2.4کلوگرام چرس تحویل میں لی گئی۔ترجمان کے مطابق ترنول پھاٹک اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 2.4کلو چرس اور 290گرام افیون برآمد کی گئی، ترکئی ٹول پلازہ سوہاوہ کے قریب مسافر وین میں سوار 2ملزمان سے 2.4کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔مذکورہ تینوں کارروائیوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق فیصل آباد ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر کے پیٹ سے 340گرام وزنی 69ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے،گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔