قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس

جمعہ 8 اگست 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سید مصطفی محمود کی زیر صدارت جمعہ کو ہوا۔ چیئرمین کمیٹی نے بیرونِ ملک سے اجلاس میں شرکت کی اور کارروائی کا آغاز کرنے کے بعد رخصت کی اجازت طلب کی۔ بعد ازاں کمیٹی نے متفقہ طور پر قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط 2007 کے قاعدہ 216 کے تحت رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر کو بقیہ اجلاس کی صدارت کے لیے منتخب کیا۔

کمیٹی نے 22 مئی 2025 کو منعقدہ اپنے گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی اور وفاقی وزیر برائے پٹرولیم ڈویژن، کمیٹی کے ارکان اور مختلف ڈویژنوں و محکموں سے آنے والے افسران کو خوش آمدید کہا۔ کمیٹی نے بعد ازاں تفصیل سے ''پٹرولیم (ترمیمی) بل، 2025'' (سرکاری بل) پر غور کیا اور قومی اسمبلی کو اس کی منظوری ترامیم کے ساتھ دینے کی سفارش کی۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر کی سربراہی میں قائم ذیلی کمیٹی نے اپنی رپورٹ مرکزی قائمہ کمیٹی کو پیش کی جسے کمیٹی نے منظور کرتے ہوئے سفارش کی کہ اس کی تجاویز کو مزید ضروری کارروائی کے لیے پٹرولیم ڈویژن کو بھیجا جائے۔

ذیلی کمیٹی میں شامل ارکان میں سید نوید قمر، رکن قومی اسمبلی (کنوینر)، اسد عالم نیازی، محمد معین عامر پیرزادہ اور گل اصغر خان شامل تھے۔ اس کمیٹی کے دائرہ کار میں کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلٹی (سی ایس آر) فنڈز، پیداواری بونس اور تربیتی فنڈز کے شفاف اور مؤثر استعمال کے لیے نئی رہنما ہدایات تیار کرنا شامل تھا تاکہ مقامی آبادی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اجلاس میں شریک اراکین قومی اسمبلی میں انور الحق چوہدری، شائستہ خان، سید نوید قمر، اسد عالم نیازی، صلاح الدین جنیجو، شاہد احمد، اور شازیہ مری (بطور خصوصی مدعو) شامل تھے۔ اجلاس میں شریک اعلیٰ افسران میں سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن مومن آغا، ایڈیشنل سیکرٹری (پاور ڈویژن) محفوظ بھٹی، ایڈیشنل ڈرافٹس مین/جوائنٹ سیکرٹری جام محمد اسلم، وزارت قانون و انصاف اور دیگر سینئر افسران شامل تھے۔