سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کو ایک مثالی اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانا اور دوسرے صوبوں کی طالبات کو اس کی جانب راغب کرانا ہماری اولین ترجیح ہے،گورنر بلوچستان

جمعہ 8 اگست 2025 22:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کو ایک مثالی اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانا اور دوسرے صوبوں کی طالبات کو اس کی جانب راغب کرانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ کسی بھی یونیورسٹی کی سطح پر وی سی شپ نہ صرف ایک اعزاز ہے بلکہ یہ ایک اہم قومی ذمہ داری بھی ہے۔

وویمن یونیورسٹی میں زیر تعلیم تمام طالبات ہمارا قومی اثاثے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ انہیں معیاری تعلیم اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں. گورنر مندوخیل نے یونیورسٹی کی موجودہ کارکردگی اطمینان بخش ہے تاہم ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم ہی ترقی کی بنیاد ہے اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی کامیابی کا راز سائنسی تعلیم میں پنہاں ہے۔ گورنر بلوچستان نے نے روایتی تدریسی طریقوں پر جدید سائنسی طریقوں کو اپنانے کی وکالت کی۔ جدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی اہمیت اور افادیت کی نشاندہی کرتے ہوئے وائس چانسلر اور ان کی پوری ٹیم پر زور دیا کہ وہ سیکھنے سکھانے کے تجربات میں اضافہ کریں اور سمارٹ کلاس رومز، آن لائن وسائل اور جدید سافٹ ویئر ٹریننگ کے ذریعے مہارتیں تیار کریں۔

اپنے معاشرے کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنی طالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں، اور سائنسی تحقیق پر مبنی جدید علم کو پیدا کریں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہم مسلسل بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے ساتھ فیکلٹی ایکسچینجز، طلبائ کے اسکالرشپ، مشترکہ پروجیکٹس اور عالمی معیار کے حامل ماہرین پیدا کرنے کیلئے شعوری کوششیں کر رہے ہیں جن کے بہت جلد مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ آخر میں، گورنر مندوخیل نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کو ایک اہم ادارے میں تبدیل کرتے ہوئے ان مقاصد کے حصول کیلئے ضروری وسائل اور تعاون فراہم کرنے کے اپنے عزم کا یقین دلایا۔