Live Updates

شاہد خاقان عباسی کی محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصرعباس کی بطور اپوزیشن لیڈرز نامزدگی کی حمایت

آج کی پارلیمنٹ میں نہ بیٹھنا یہاں بیٹھنے سے بہتر ہے، اس طرح کم از کم اس ملک میں جو خرابیاں ہوچکیں اور جو ہوں گی ان کا حصہ تو آپ نہیں بنیں گے؛ سابق وزیراعظم کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 ستمبر 2025 12:23

شاہد خاقان عباسی کی محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصرعباس کی بطور اپوزیشن ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر 2025ء ) عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کی بطور اپوزیشن لیڈرز نامزدگی عمران خان کا درست فیصلہ ہے۔ اے بی این نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شاید جیل سے یہ پہلا درست فیصلہ کیا ہے کیوں کہ محمود خان اچکزئی نے بھرپور سیاست کی ہے جس سے آپ اختلاف بھی کرسکتے ہیں لیکن انہوں نے ہمیشہ اصول اور آئین کی بات کی، میں ان سے سو اختلاف کرسکتا ہوں لیکن 35 سال سے میں دیکھ رہا ہوں کہ محمود خان اچکزئی صرف آئین کی بات کرتے ہیں۔

ایک سوال پر سابق وزیراعظم نے جواب دیا کہ میں عام طور پر اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی حمایت نہیں کرتا کیوں کہ میں اس بات کا حامی رہا ہوں کہ منتخب آدمی کیلئے پارلیمان کو چھوڑنا مناسب نہیں لیکن آج مسئلہ یہ ہے کہ اسمبلیوں میں بیٹھے لوگ عوام کے منتخب کردہ نہیں ہیں اور جو آج پارلیمان کا حال ہے اُس میں بیٹھنے سے بہتر ہے نہ بیٹھیں اور میں بہت تکلیف سے یہ گزارش کرتا ہوں کی آج کی پارلیمنٹ میں نہ بیٹھنا یہاں بیٹھنے سے بہتر ہے، اس طرح کم از کم اس ملک میں جو خرابیاں ہوں چکیں اور جو ہوں گی ان کا حصہ تو آپ نہیں بنیں گے۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ ایک سروے ہوا ہے جس میں اس ملک کے 82 فیصد لوگ موجودہ الیکشن کے نظام کو قبول نہیں کرتے، جو سمجھتے ہیں یہ صاف شفاف الیکشن نہیں ہیں یہ قانون کے مطابق نہیں اور نہ ہی ہمارے مسائل کا حل ہیں لیکن عوام کی اس رائے کو اہمیت ہی نہیں دی جارہی، ضمنی انتخابات جس طرح سے پیدا کیے گئے ہیں اس کے لیے لوگوں کو دی سیٹ کروایا گیا، یہ تماشے ہم نے ماضی میں بہت دیکھے ہیں اب تو بگیر دیکھے بھی پتا چل جاتا ہے کہ اس کے پیچھے کیا ہورہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات