Live Updates

دریاؤں کے بالائی حصوں میں مزید بارشوں کا امکان، لاہور‘ گوجرانوالہ‘ گجرات میں اربن فلڈنگ کا خطرہ

پی ڈی ایم اے کی جانب سے دریائے راوی، ستلج، چناب میں پانچ ستمبر تک انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہرکردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 ستمبر 2025 10:53

دریاؤں کے بالائی حصوں میں مزید بارشوں کا امکان، لاہور‘ گوجرانوالہ‘ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر 2025ء ) صوبہ پنجاب میں 3 ستمبر تک دریاؤں کے بالائی حصوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے باعث لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات میں اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہوگیا جب کہ صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں پولیو اور دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے راوی، ستلج، چناب میں پانچ ستمبر تک انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے، اس وقت گنڈا سنگھ پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، ہیڈ تریموں پر 8 سے 9 لاکھ کیوسک کا آبی ریلا گزر رہا ہے اور یہاں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث 400 سے زائد دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، دریائے راوی میں جسڑ پر بہاؤ 54 ہزار کیوسک ہے، شاہدرہ پر بہاؤ 60 ہزار کیوسک اور بلوکی ہیڈورکس پر بہاؤ 1 لاکھ 37 ہزار کیوسک ہے، دریائے راوی کا ہیڈ سدھنائی پر بہاؤ 1 لاکھ 7 ہزار کیوسک ہے، دریائے راوی میں ماڑی پتن پر پانی کی سطح مزید بلند ہوگئی ہے، ساہیوال میں اورنگ آباد کا بند ٹوٹنے سے درجنوں دیہات زیر آب آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 96 ہزار، خانکی ہیڈورکس کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 20 ہزار اور قادرآباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 35 ہزار کیوسک ہے، مظفر گڑھ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، چنیوٹ کی تحصیل بھوانہ میں درجنوں بستیاں زیر آب آگئیں، شجاع آباد میں فصلوں میں پانی داخل ہوگیا ہے، جب کہ دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک، سلیمانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 24 ہزار کیوسک ہے، دریائے ستلج میں مزید پانی آنے سے قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر اور پاکپتن متاثر ہوں گے، وہاڑی، لودھراں، بہاولپور اور ملتان میں بھی صورتحال بگڑسکتی ہے، نیناکوٹ پر پانی چھوڑنے کے بعد ریلا جسڑ اور شکرگڑھ کی جانب بڑھ گیا، اس صورتحال میں 5 ستمبر تک راوی، ستلج اورچناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

دوسری طرف اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہو گیا، راول ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 751 فٹ تک پہنچ گئی، جس کی وجہ سے اسپل ویز کھول دیئے گئے، اسسٹنٹ کمشنر نیلور کی جانب سے سپل ویز کھولنے کے عمل کی نگرانی کی گئی، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے ندی نالوں سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ تمام اداروں کو فوری رسپانس اور کوآرڈی نیشن کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات