وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، چین کو جنوبی ایشیاء میں مذاکرات کی نگرانی کی دعوت

بیجنگ میں ہونیوالی ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، احسن اقبال و دیگر وزراء بھی موجود تھے

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 ستمبر 2025 11:07

وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، چین کو جنوبی ایشیاء میں مذاکرات کی ..
بیجنگ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان بیجنگ میں ملاقات ہوئی، وفود کی سطح کی ملاقات میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، احسن اقبال اور دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان منگل کی صبح ملاقات ہوئی جہاں وزیراعظم شہبازشریف نے چینی صدر سے خطے کی صورت حال اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیر اعظم نے چینی صدر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ چین جنوبی ایشیاء میں جامع مذاکرات کی نگرانی کرے تاکہ مذاکرات کے ثمرات پاکستان کو مل سکیں، پاکستان اور چین عظیم دوست ہیں جو ہر آزمائش میں پورا اترے ہیں، بیلٹ اینڈ روڈ، سی پیک منصوبہ صدر شی جن پنگ کی مثالی قیادت کا ثبوت ہے، پاکستان کے عوام بھی چین کے ساتھ دوستی کودل سے پسند کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ تیانجن کے اسٹینڈنگ ممبر اور تیانجن بنہائی نیو ایریا کے پارٹی سیکریٹری لیون ماؤ جن سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا بھر میں ایک نمایاں اور منفرد مقام رکھتی ہے، چین اور پاکستان ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان میں توانائی کے شعبے کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا، سی پیک کے فیز 2 میں سمارٹ سٹیز، زرعی صنعت کے حوالے سے تعاون اور نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی انڈسٹری پر خاص توجہ مرکوز کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ چینی صدر جن پنگ کی زیر قیادت تیانجن کی ترقی دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی، تیانجن بنہائی نیو ایریا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون اور تجارت بڑھانے کے خواہاں ہیں، پاکستان کے کراچی پورٹ، بن قاسم پورٹ اور گوادر پورٹ اور چین کے تیانجن پورٹ درمیان تعاون اور تجارت کو وسعت دینا چاہتے ہیں، پورٹ ہینڈلنگ اور پورٹ آپریشنز کے معاملات کے حوالے سے تیانجن بنہائی نیو ایریا کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے حوالے سے چینی کمپنیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم نے تیانجن میں صنعتی و اقتصادی شعبے سے وابستہ نمایاں افراد کے وفد کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان نے پچھلے ڈیڑھ سال میں معاشی اصلاحات میں نمایاں سنگ میل عبور کیے ہیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن، نئی قومی اقتصادی پالیسی اور آئی ٹی سے متعلق اقدامات کے فروغ سمیت کئی دیگر اصلاحات کی خود نگرانی کر رہا ہوں، فارماسیوٹیکل، بائیو میڈیسن اور جانوروں کی ویکسین کے حوالے سے تیانجن بنہائی نیو ایریا کی صنعت سے تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔