بانی پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کی ہدایت کی ہے، اسد قیصر

چینی اسکینڈل اور کسانوں کے ساتھ حکومتی رویے پر لوگوں کو آگاہ کریں گے،پی ٹی آئی رہنما

جمعہ 8 اگست 2025 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)پی ٹی آئی رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کی ہدایت کی ہے ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پارٹی میں رائے ہے کہ ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ پر مشاورت کی جائے،بانی پی ٹی آئی کو اپنی رائے دیں گے، حتمی فیصلہ ان کا ہوگا۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عدالت سے انصاف ملے گا، ہم نے اس نظام کو بھی بے نقاب کرنا ہے، ہم نے دستیاب تمام فورمز کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنا ہے، ملک عملی طور پر انارکی کی طرف جا رہا ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ ریحانہ ڈار کو جس طرح گرفتار کیا گیا، کیا یہ ظلم نظر نہیں آ رہا، چینی اسکینڈل اور کسانوں کے ساتھ حکومتی رویے پر لوگوں کو آگاہ کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ تین سال سے جاری ظلم اور جبر کے باوجود لوگ نکلے تھے، خیبر پختونخوا میں امن کے لیے نکلے لوگوں کے پاس جائیں گے۔