یومِ اقلیت کے موقع پر تیزگام ٹرین میں اقلیتوں کیلئے خصوصی بوگی کا افتتاح

ہفتہ 9 اگست 2025 02:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) یومِ اقلیت کے موقع پر راولپنڈی سے کراچی جانے والی تیزگام ایکسپریس کے ساتھ لگائی گئی خصوصی "اقلیتی بوگی" کا افتتاح صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر کیا۔ جمعہ کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب کے دوران سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یومِ اقلیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستان میں اقلیتوں کو حاصل آئینی، سماجی و مذہبی آزادیوں پر اظہارِ تشکر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے محبت اور بھائی چارے پر دلی شکریہ بھی ادا کیا۔تقریب کے موقع پر صوبائی وزیر کو لاہور ریلوے اسٹیشن پر قائم نئے سی آئی پی لائونج کا بھی دورہ کروایا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان ریلوے والٹن اکیڈمی و ایڈیشنل جنرل مینجر ٹریفک محمد سفیان سرفراز ڈوگر، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ، ڈپٹی ڈی ایس مکینیکل لاہور میاں عبدالوقاص سمیت لاہور ڈویژن کے دیگر ڈویژنل و اسسٹنٹ افسران جبکہ صوبائی وزیر کے ہمراہ اقلیتی ایم پی ایز طارق گل اور وسیم انجم بھی موجود تھے۔