پاکستانی آرگینک میٹ کمپنی کا یو اے ای کی سپرمارکیٹ کوسپلائی کا معاہدے بڑی کامیابی ہے ‘ نجم مزاری

ہفتہ 9 اگست 2025 11:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء) آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے پاکستانی آرگینک میٹ کمپنی کے متحدہ عرب امارات کی سپر مارکیٹ کو گوشت سپلائی کے معاہدے کو غیر معمولی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیشرفت سے نئے مواقع پیدا ہونے کے وسیع امکانات روشن ہوئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں نجم مزاری نے کہا کہ دنیا بھر میں آرگینک خوراک اور مصنوعات کے استعمال کے رجحان میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ،یہی وہ سنہری موقع ہے جس سے استفادہ کرنے کیلئے پیشگی تیاری کرنے کی ضرورت ہے ۔

جب حکومت کی سطح پر لیبارٹریز کے قیام ، سرٹیفکیشن اور لیبلنگ ہو گی تو اس سے بیرونی دنیا میں پاکستانی آرگینک خوراک اور مصنوعات کو مطلوبہ معیار کو ثابت کرنے میں مشکلات درپیش نہیں ہوں گی ۔

(جاری ہے)

اس لئے حکومت اس پر فی الفور مشاورت کا آغاز کرے اور اس کے لئے الگ سے محکمہ یا اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے جو اس حوالے سے سفارشات مرتب کرے جس کے مطابق نجی شعبہ آگے بڑھ سکے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صرف ایک میٹ کمپنی نے لاکھوں ڈالر کا معاہدہ کیا ہے جس سے نہ صرف پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ پاکستان کے لئے قیمتی زر مبادلہ کا حصول بھی ممکن ہو سکے گا۔ نجم مزاری نے کہا کہ پاکستان میں بہت سی کمپنیاں معیاری آرگینک خوراک اور مصنوعات کی تیاری کر رہی ہیں تاہم انہیں برآمدات کے تناظر میں حکومتی سرپرستی کی اشد ضرورت ہے ۔